اسلام آباد : توشہ خانہ کیس میں جج ہمایوں دلاور نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ سیشن کورٹ اسلام آباد نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ سنا دیا۔جج ہمایوں دلاور نے فیصلہ سناتے ہوئے کہاکہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان پر الزام ثابت ہوتا ہے۔ملزم نے جھوٹا بیان حلفی جمع کروایا۔ عدالت نے عمران خان کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔عدالت نے عمران خان کو تین سال قید کا حکم دیا۔عدالت نے چئیرمین پی ٹی آئی پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔جج ہمایوں دلاور نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔عدالت نے حکم دیا کہ آئی جی اسلام آباد عمران خان کو فوری طور پر گرفتار کریں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس ناقابل سماعت ہونے سے متعلق درخواست مسترد کر دی گئی۔
قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس سے متعلق سماعت ہوئی،الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز اور سعد حسن عدالت میں پیش ہوئے۔ جج ہمایوں دلاور نے استفسار کیا کہ کوئی پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل آیا ہے؟ عدالت کی جانب سے دوسری بار کیس کو کال کروایا گیا۔ جج ہمایوں دلاور نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ امجد پرویز صاحب،کچھ کہیں گے،کوئی شعر ہی کہہ دیں۔ عدالت کے کہنے پر وکیل امجد پرویز کی جانب سے شعر سنایا گیا۔’’ وہ ملا تو صدیوں کے بعد بھی میرے لب پہ کوئی گلا نہ تھا،اسے میری چپ نے رلا دیا جیسے گفتگو میں کمال تھا ‘‘ دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے کہا کہ کچھ مزید وقت دے دیں،جج نے ریمارکس دئیے کہ فیئر ٹرائل کیلئے ایک اور موقع دیتے ہیں،عدالت نے سماعت میں کچھ دیر کیلئے وقفہ کر دیا۔