Sunday January 19, 2025

توشہ خانہ کیس، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ آج سنائیں گے

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو (آج) جمعہ کو سنایا جائے گا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 8 درخواستوں پر سماعت کی۔عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل میں کہا کہ کیس کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور پہلے ہی اپنا مائنڈ ڈیسکلوز کر چکے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اس نوعیت کی درخواست کسی اور جج کے روبرو سماعت کے لیے مقرر ہونی چاہیے تھی۔

خواجہ حارث کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے ٹیکس کنسلٹنٹ نے گوشواروں اور اثاثوں کی تفصیلات کا فارم پر کیا تھا جس پر ہم انہیں بطور گواہ پیش کرنا چاہتے تھے لیکن ٹرائل کورٹ نے ہماری استدعا منظور نہیں کی، فیئر ٹرائل کا تقاضا ہے کہ ہمیں دفاع کا حق ملنا چاہیے۔انہوں نے کہا ابھی جج سے متعلق ایف آئی اے کی ایک رپورٹ بھی آئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جج کے فیس بک اکانٹ سے وہ پوسٹ نہیں ہوئی، جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پوسٹ سے متعلق ایف آئی اے کی یکطرفہ رپورٹ قبول نہیں کریں گے۔الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کے دفاع میں دلائل دیے۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کی 8 درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو (آج) جمعہ کو سنایا جائے گا۔

FOLLOW US