اسلام آباد: ملک بھر میں جاری بارشوں کا سلسلہ4اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ، این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے ملک میں مغربی ہوائوں کے زیر اثر بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا موجودہ سلسلہ جاری رہنے کے امکان کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے جبکہ مقامی آبادیوں، مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی و سہولت کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق بارشیں برسانے والا موجودہ سسٹم29 مارچ کو ملک میں داخل ہوا جس کے تحت جمعے کے روز تک بارشوں کو سلسلہ جاری رہے گے تاہم یکم اپریل سے ایک اور مغربی لہر ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگی جو 4 اپریل تک خیبرپختونخوا، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان ، بالائی پنجاب میں برقرار رہنے کا امکان ہے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پیش گوئی کی مدت کے دوران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ تیز ہوا اور ژالہ باری سے کمزور بنیادی ڈھانچے اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ موسلادھار بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی جبکہ بعض شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے بارشوں، ژالہ باری اور تیز ہوائوں کے نتیجہ میں پیدا ہونے والی نئی موسمی صورتحال کے ممکنہ اثرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ متعلقہ آبادیوں ، مسافروں اور سیاحوں کی آگاہی اور سہولت کیلئے بروقت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔