Friday January 24, 2025

پی ٹی آئی کے کارکنوں کی نظر بندی غیر قانونی قرار، عدالت کا رہا کرنے کا حکم

اسلام آباد: لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی نظر بندی غیر قانونی قرار دے دی ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے زمان پارک پولیس ایکشن کے خلاف احتجاج کرنے والے کارکنان کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے متعلقہ حکام کو گرفتار و نظر بند کارکنوں کی فوری رہائی کا حکم دیا۔ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جج چوہدری عبدالعزیز نے عامر کیانی کی پٹیشن پر حکم جاری کردیا۔عدالت نے راولپنڈی و اٹک ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری 3 ایم پی او کے تحت نوٹیفکیشن کالعدم قرار دےدیا۔دورانِ سماعت جج چوہدری عبدالعزیز نے ریمارکس دئیے کہ اللہ اس ملک پر رحم کرے ،ہم سیاسی مستی میں ہر چیز کو تباہ کر رہے ہیں۔ جو نئی حکومت آتی ہے وہ پچھلوں پر چڑھ دوڑتی ہے۔

جب سے ہوش سنبھالا ہے اس ملک میں یہی کچھ دیکھتے آرہے ہیں۔دوسری جانب تحریک انصاف نے زمان پارک کے باہر آپریشن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے،فواد چوہدری نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس نے عدالت میں کرائی گئی یقین دہانی سے انحراف کیا اور سرچ وارنٹ کے نام پر معاہدے کی خلاف وزری کی گئی۔ پولیس جس طرح زمان پارک میں داخل ہوئی اس کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں،زمان پارک میں پولیس نے آپریشن کر کے گیٹ تک توڑ دیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ معاہدے کی پاسداری نہ کرنے پر پولیس حکام کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔یاد رہے کہ دو روز قبل پولیس نے زمان پارک میں آپریشن کیا تھا اور سڑکوں پر لگے خیمے اکھاڑ دیے تھے۔ پنجاب پولیس چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کا گیٹ توڑ کر اندر داخل ہوئی،پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ کا دروازہ کرین کی مدد سے توڑا۔ عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک کے اندر واٹر کینن کا استعمال اور زمان پارک سے متعدد کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا،پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جس کے باعث اہلکار زخمی بھی ہوئے تھے۔

FOLLOW US