Sunday January 19, 2025

’باوردی اہلکار زمان پارک کے ارد گرد یا قریب سے مت گزریں‘ پنجاب پولیس کے جوانوں کو نئی ہدایات جاری کر دی گئیں

لاہور :پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے ردعمل سے بچنے کے لیے پنجاب پولیس کے جوانوں کو نئی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ دنیا نیوز کے مطابق پنجاب پولیس حکام نے زمان پارک آپریشن کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کے ردعمل کے پیش نظر پولیس اہلکاروں کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں، اس حوالے سے ضلعی اور ٹریفک پولیس حکام کی جانب سے اہلکاروں کے لیے ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ باوردی اہلکار زمان پارک کے ارد گرد یا قریب سے مت گزریں، مغل پورہ، لال پل اور دھرم پورہ جانے والا سٹاف زمان پارک کا متبادل راستہ اختیار کرے۔

حکام نے کہا ہے کہ ڈیوٹی پوائنٹس پر جانے یا واپس آنے والے اہلکار اپنا روٹ تبدیل کرلیں، کیوں کہ پی ٹی آئی کارکن اب تک ایلیٹ فورس اور پولیس رسپانس یونٹ کی گاڑیاں تباہ کر چکے ہیں، ڈیوٹی سے واپس جاتے ہوئے پولیس اہلکار کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ دوسری طرف سرکاری املاک اور پولیس کی گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصان کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے جو وزارت داخلہ کو بھجوائی جائے گی، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے مجموعی طورپر 15 پولیس کی گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچایا گیا جس میں دو گاڑیوں اوردو موٹرسائیکلوں کو آگ لگائی گئی ہے۔

پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی مظاہرین نے تھانہ لوہی بھیر کی پک اپ اور سپیشل برانچ کی بم ڈسپوزل سکوارڈ کی گاڑیوں کو آگ لگا کر مکمل طور پر تباہ کر دیا، اسی طرح تھانہ مارگلہ کے دو موٹرسائیکلوں کو بھی آگ لگائی، 12 گاڑیاں جن میں دو قیدیوں کی بسوں جبکہ فیصل آباد کانسٹیبلری کی دو بسوں اور ایک چکوال پولیس کی بس کے شیشے توڑے گئے ہیں جب کہ دیگر پولیس کی گاڑیوں پر ڈنڈوں کے وار کر کے اور پتھراؤ کر کے نقصان پہنچایا گیا۔

FOLLOW US