Sunday November 24, 2024

توشہ خانہ کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل

اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں جاری عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آبادہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کی وارنٹ معطلی کی درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ میں نے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کا نہیں ،معطل کرنے کا کہا۔جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا تحریری یقین دہانی ابھی بھی موجود ہے جس پر وکیل نے بتایا کہ جی اس وقت بھی 18 مارچ کو پیش ہونے کی یقین دہانی موجود ہے، جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ وارنٹ کا مقصد صرف عمران خان کی عدالت پیشی ہے گرفتاری نہیں ۔

یہ جان لیں کہ یہ انڈرٹیکنگ عدالت کے سامنے بیان کے مترادف ہے، اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو اس کے نتائج ہوں گے۔عدالت نے کہا کہ عمران خان کو کل عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔ عمران خان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کل عدالتی وقت تک معطل کیے گئے ہیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی پیشی پر سیکیورٹی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ خیال رہے کہ توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کے سیشن عدالت کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم کی جانب سے فیصلے کیخلاف باضابطہ نظرِثانی کی درخواست دائر کی گئی ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ عملے کی جانب سے سیشن کورٹ کے فیصلے کیخلاف درخواست کو نمبر لگا دیا گیا،درخواست میں سیشن کورٹ فیصلے پر قانونی اعتراضات اٹھاتے ہوئے نظرِثانی کی استدعا کی گئی۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے کہا کہ سیشن جج کے فیصلے کیخلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے، عمران خان ہفتے کو اسلام آباد میں عدالت میں پیش ہوں گے، ہم حکومت کے ساتھ بات کرنے کو تیار ہیں، تمام مسائل کا واحد حل الیکشن ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ عمران خان کے خلاف ہر روز نئے کیسز بنتے ہیں، عمران خان نے کرکٹ میں تو بہت سنچریاں بنائی ہیں، عمران خان کی ایف آئی آر میں بھی سنچری ہونے والی ہے، پولیس کو رانا ثنااللہ کو ڈھونڈنا چاہئے تھا جو ان کو نہیں مل رہا، ہمارے پاس جو بھی قانونی راستے ہوں گے اپنائیں گے۔

FOLLOW US