Wednesday December 4, 2024

جعلی اور جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کی گئی کیا آپ سمجھتے ہیں کہ غیرملکی سازش ہواور فوج خاموش رہے گی؟

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جعلی اور جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کی گئی، کیا آپ سوچ بھی سکتے ہیں کہ غیرملکی سازش ہواور فوج خاموش رہے یہ گناہ کبیرہ ہے،جو سمجھتے ہیں عوام اور فوج میں دراڑیں ڈال دیں گے ان کی بھول ہے۔ تفصیلات کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں دفاع پاکستان اور یوم شہداء کے حوالے سے پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران نے شرکت کی، تقریب میں شہداء کے لواحقین اور غازیوں نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، کورکمانڈرراولپنڈی ساحر شمشاد مرزا بھی آرمی چیف کے ہمراہ ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بطور آرمی چیف آج آپ سے آخری بار خطاب کررہا ہوں، فوج کبھی اپنے شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،وطن کی خاطر جان قربان کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں،شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ فاٹا انضمام کرنا، بارڈر پر باڑ لگانا، قطر سے سستی گیس فراہم کرنا، سیلاب اور کورونا سے نمٹنا ہوں فوج نے ہمیشہ اپنے مینڈیٹ سے بڑھ کر قوم کی خدمت کی اورکرتی رہے گی،فوج کا بنیادی کام جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں جس پر کم ہی بات کی جاتی ہے، 1971سے متعلق کچھ حقائق درست کرنا چاہتا ہوں ،مشرقی پاکستان کا بننا فوجی نہیں ایک سیاسی ناکامی تھی، ہمارے لڑنے والے فوجیوں کی تعداد 92ہزار نہیں بلکہ صرف 34ہزار تھی، باقی لوگ مختلف حکومتی ڈیپارٹمنٹس میں تھے، اور ان 34ہزار فوج کا مقابلہ اڑھائی لاکھ انڈین فوج اور 2لاکھ تربیت یافتہ مکتی بانیوں سے تھا، لیکن ہماری فوج بڑی بہادری سے لڑی اور بے مثال قربانیاں پیش کیں، اس کا اعتراف انڈین آرمی چیف نے بھی کیا تھا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فوج نے اپنا کتھارسز شروع کردیا ہے امید ہے سیاسی جماعتیں بھی ایسا ہی کریں گے، ہمیں پاکستان میں جمہوری کلچر کو فروغ دینا ہے، پچھلے سال فوج نے فیصلہ کیا کہ فوج آئندہ سیاست میں مداخلت نہیں کرے گی، سیاست میں فوج کی مداخلت غیرآئینی ہے، سینئر ملٹری لیڈرشپ کو مختلف القابات سے نوازا گیا، کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ غیرملکی سازش ہواور فوج خاموش رہے یہ گناہ کبیرہ ہے۔

جعلی اور جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک میں ہیجان کی کیفیت پیدا کی گئی۔ جو سمجھتے ہیں عوام اور فوج میں دراڑیں ڈال دیں گے ان کی بھول ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز ماضی کی غلطیوں سے سیکھیں اور پاکستان کو بحران سے نکالیں، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہر جماعت کو اپنی شکست اور فتح کو قبول کرنے کا حوصلہ پیدا کرنا ہوگا، ہار جیت سیاست کا حصہ ہوتی ہے، میں نا مانوں کے رویے کو ترک کرنا ہوگا۔

FOLLOW US