Friday January 24, 2025

” اب امریکہ پر الزام نہیں لگاتا ، امریکہ سے اچھے تعلقات چاہتاہوں “ عمران خان کے تازہ انٹرویو نے سب کو حیران کر دیا

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکہ پر سازش کرتے ہوئے ان کی حکومت گرانے کا الزام عائد کیا تھا لیکن اب انہوں نے غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہاہے کہ”وہ اب امریکہ پر ” الزام “ نہیں لگاتے اور دوبارہ منتخب ہونے پر امریکہ سے باوقار تعلقات چاہتے ہیں“۔ برطانوی اخبار ” فنانشنل ٹائمز “ کو دیئے گئے انٹرویو میں عمران خان نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کرنے کے قریب تھا اور ملک کے آئی ایم ایف پروگرام پر تنقید کی جاتی رہی ۔عمران خان نے مبینہ سازش سے حکومت گرانے کے الزام پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو یہ ختم ہو چکا ہے ،

جس پاکستان کی قیادت میں کرنا چاہتا ہوں اس کے ہر کسی کے ساتھ تعلقات اچھے ہونے چاہئیں اور خصوصی طور پر امریکہ کے ساتھ ،امریکہ کے ساتھ ہمارا رشتہ آقا اور غلام کا رشتہ رہاہے اور ہمیں ایک کرائے کی بندوق کی طرح استعمال کیا گیا ، لیکن میں اس کیلئے میں امریکہ سے زیادہ اپنے ہی ملک کی حکومتوں کو مورد الزام ٹھہراﺅں گا ،جب آپ معیشت کا معاہدہ کرتے ہیں اور آئی ایم ایف کے کچھ اقدامات آپ کی معیشت کو سکڑ دیتے ہیں تو آپ اپنے قرضے کس طرح اداکریں گے جبکہ آپ کے قرضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہاہے ، کھپت کریش ہو گئی ہے تو میرا سوال یہ ہے کہ آپ اپنے قرضوں کے بوجھ کو کس طرح کم کریں گے ، ہم ڈیفالٹ ہو نے کی طر ف جائیں گے ۔عمران خان نے روس کے یوکرین پر حملے سے ایک روز قبل ماسکو کے دورے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تیاری مہینوں پہلے کی گئی تھی ۔

FOLLOW US