Sunday January 19, 2025

پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دی جائے ، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا عالمی مالیاتی اداروں سے مطالبہ

شرم الشیخ : اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوئترس نے پاکستان کیلئے مالیاتی عالمی اداروں سے قرضوں میں چھوٹ دینے کی درخواست کر دی ۔ مصر کے شہر شرم الشیخ میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ پاکستان کو امداد کی ضرورت ہے ، پاکستان میں پرتگال سے تین گنا بڑے رقبے پر سیلاب ہے ، متاثرہ پاکستان کو آباد کاری کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈ کی ضرورت ہے ۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان کو قرضوں میں ریلیف اتنا نہیں ملا جتنا ملنا چاہئے تھا ، مالیاتی ادارے پاکستان کو قرضوں میں چھوٹ دیں، پاکستان کے مشکل وقت میں سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ، پاکستان بھرپور امداد کا مستحق ہے ، اس نے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور اب بھی کر رہا ہے ۔ انتونیو گوئترس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ایک دوسرے کی مدد کا مذہب دیکھا اس کی مثال عالمی برادری میں بھی نظر آنی چاہئے ، کاپ کانفرنس کی جانب سے اس صورتحال کو تسلیم کرتے ہوئے اس سے نمٹنے کیلئے واضح روڈ میپ تیار کرے۔

FOLLOW US