Sunday May 19, 2024

عمران خان کے الزامات پر پاک فوج نے ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کردیا

راولپنڈی: سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے لگائے گئے الزام پر پاک فوج کا سنجیدہ رد عمل سامنے آگیا ۔ پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ادارے کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات یکسر ناقابل قبول ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کے بالخصوص ایک اعلٰی فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد الزامات ناقابل قبول ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حکومتِ پاکستان سےدرخواست کی ہےکہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرے، حکومت بغیرکسی ثبوت ادارے کی ہتک کے ذمہ داروں کےخلاف قانونی کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل فوج ہے، پاک فوج کا ایک مضبوط اور انتہائی مؤثر اندرونی احتسابی نظام ہے، پاک فوج کو انتہائی پیشہ ورانہ ہونے پر خود پر فخر ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ ادارے اور اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات کی پر زور مذمت کرتے ہیں، یہ ادارہ افسروں اور سپاہیوں کی بھرپور حفاظت کرے گا، مفاد پرستوں کے الزامات سے ادارے کی عزت کو داغدار کیا جائیگا تو ادارہ افسروں، سپاہیوں کی حفاظت کرےگا۔واضح رہے کہ قوم سے خطاب میں عمران خان نے قاتلانہ حملے کی ذمہ داری شہباز شریف ، رانا ثنا اللہ اور ایک افسر پر عائد کی تھی۔

FOLLOW US