Thursday January 23, 2025

کویت نے 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے وزیرداخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات کام کر گئی

کویت سٹی : وزیرداخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات کام کر گئی، کویت نے 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق کویت نے 10سال بعد پاکستانی شہریوں کیلئے ویزے بحال کر دیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی کویت کے وزیر اعظم صباح الخالد ال صباح سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیر اعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی اور انہیں وزیر اعظم عمران کا خصوصی مراسلہ بھی پیش کیا۔اس موقع پر کویتی وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا اعلان کیا۔

اس کے علاوہ پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی۔ کویتی وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7 دہائیوں پر محیط ہیں، دونوں ممالک کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔اس موقع پر وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ہیں، پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزا بندش سے مسائل درپیش تھے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیبر کا کویت کی ترقی میں بہت اہم کردار ہے، ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔واضح رہے کہ گزشتہ سے پیوسہ ماہ مارچ میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ کویت کے لیے ویزے 2011 سے بند ہیں اور اب وہ کھلنے جا رہے ہیں۔اسلام آباد میں بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ’میں عمران خان کی حکومت کی طرف سے آپ کو خوشخبری سنانے جا رہا ہوں کہ کویت کے ویزے کھلنے جا رہے ہیں۔

FOLLOW US