Wednesday May 15, 2024

اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عید مبارک ہو،اللہ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے،وزیراعظم عمران خان کی قوم کو عید الفطر کی مبارکباد

اسلام آباد : اہل وطن اور ملت اسلامیہ کو عید کی مبارکباد،اللہ تعالیٰ ہمارے روزے نمازیں قبول فرمائے،ہماری دعائیں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو آفات سے محفوط رکھے،رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے ہمیں صبر و شکر کی عملی تربیت سے گزارا،یہی ریاست مدینہ کا خاصا تھا جو ہمارا رول ماڈل ہے،ہم اس وقت کورونا وبا کی تیسری لہر سے نبرد آما ہیں اور آزمائش کے اس موقعہ پر مشکلات کا شکار لوگوں کو بھی یاد رکھیں،یہ پیغام تھا وزیراعظم پاکستان عمران خان کا جنہوں نے قوم کو عید کی مبارک دی اور اس موقعہ پر کورونا وبا کے خلاف مستعد رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنے کی ہدایت بھی کی۔

یاد رہے کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان رات کو شواہد ملنے کی بنا پر کیا اور آج کے روز پاکستان بھر میں عیدالفطر منانے کا اعلان کیا تھا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں چیئرمین عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت بدھ کو منعقد ہواجس میں وزارت سائنس اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں پر طویل بحث کی گئی جس کی وجہ سے رات 11 بجے تک اعلان نہیں کیا جا سکا۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے رات ساڑھے 11 بجے پریس کانفرنس میں چاند نظر آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئیں، بہت سی جگہوں پر مطلع ابرآلود تھا، جن مقامات سے شہادتیں موصول ہوئیں ان میں چمن، قلعہ سیف اللہ، پسنی، پشاور، سندھ کا علاقہ میرپور اور دیگر مختلف مقامات شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ یکم شوال المکرم 1442 ہجری 13 مئی 2021 بروز جمعرات کو ہو گی۔مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے پوری قوم کو اکٹھا کیا ہے اور میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہم آئندہ بھی مل کر آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے ہمارے قبلہ اول بیت المقدس پر جارحیت کی ہے اور عبادت کرنے والے نہتے مسلمانوں پر جو گولیاں چلائی ہیں، ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے عوام سے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر ایس او پیز کا خیال رکھتے ہوئے گلے ملنے اور مصافحے سے پرہیز کریں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں۔

FOLLOW US