Friday November 29, 2024

ٹی ایل پی کا احتجاج، وزیراعظم عمران خان کا اہم بیان سامنے آ گیا کہ شرپسندوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شرپسندوں کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں تمام 27 نکاتی ایجنڈا کی منظوری اور مذہبی جماعت کی جانب سے ملک گیر احتجاج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کر رہی تھی لیکن یہ ایک طرف مذاکرات تو دوسری طرف مارچ کی تیاری کر رہے تھے۔ عمران خان نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں لیکن احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہوجائیں گے اور معاہدے کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے۔ دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ کسی کو رہا کرنے نہیں جارہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر غور ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ حالات ٹھیک ہوجائیں گے، کسی کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں کوئی سمری مسترد نہیں ہوئی، کابینہ اجلاس میں سیاسی اور ملک میں امن و امان کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ اجلاس میں 27 نکاتی ایجنڈا منظور کیا گیا۔خیال رہے کہ آج بھی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں ٹریفک جام اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہونے پر محکمہ داخلہ پنجاب نے سڑکیں کھلوانے کیلئے رینجرز کو طلب کرلیا تھا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق جس شہر میں بھی رینجرز کی ضرورت ہوگی وہاں فورس فراہم کی جائے گی، پورے صوبے میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے، کچھ راستے رات گئے کھلنے کے بعد اب دوبارہ بند ہو گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کے ذرائع کے مطابق رینجرز کو سڑکیں کھلوانے کے لیے بلوا یا گیا ہے، رینجرز اہلکار پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مدد کریں گے۔

FOLLOW US