کوئٹہ (نیوزڈیسک)الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی کو صوبائی وزیر داخلہ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔میرسرفرازبگٹی کی جانب سے دائرآئینی درخواست کی سماعت کے دوران بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جناب جسٹس محمدنورمسکانزئی اور جسٹس جناب جسٹس محمدہاشم
خان کاکڑپرمشتمل ڈویژنل بینچ نے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پرپابندی سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے ۔ گزشتہ روز ڈویژنل بینچ کے روبرو آئینی درخواست کی سماعت کے موقع پر درخواست گزار کے وکیل کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ اور نورجان بلیدی ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے اختیارات سے تجاویز کرتے ہوئے سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے ،حکومت کی مدت مئی میں مکمل ہوگی لیکن اب سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے جو بلاجواز ہے جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے متعلقہ حکام ،ڈپٹی اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے 16اپریل کو طلب کرلیاہے ۔