ریاض (نیوزڈیسک) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر میزائل حملوں کی ویڈیوز منظر عام پر آگئی ہیں۔ عرب میڈیا سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پر ایک مرتبہ پھر میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دارالحکومت ریاض پر 2 میزائلوں سے حملہ کیا گیا۔ حملے کے بعد پورا شہر لرز اٹھا جبکہ
عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہوگئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ سعودی عرب کے میزائل ڈیفنس سسٹم نے دونوں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ تاہم میزائلوں کو تباہ کرنے کی گونج پورے شہر میں سنائی دی۔ عرب میڈیا کے مطابق شہر میں تین خوفناک دھماکے کونے کونے تک سنے گئے جس کے بعد افرا تفری کا عالم پیدا ہوگیا۔ اطلاعات کے مطابق میزائل حملے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے۔ اب اس حملے کی ویڈیوز بھی سامنے آگئی ہیں۔ سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیوز میں دن کی روشنی میں حوثی میزائلوں کو سعودی دفاعی میزائلوں کی جانب سے فضاء میں تباہ کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جہاں ان میزائلوں کو تباہ کیا گیا، وہ ایک مقامی آبادی کا علاقہ ہے۔ میزائل کو تباہ کرنے کے مناظر ریکارڈ کرتے ہوئے لوگوں کی جانب سے پریشانی کے عالم میں اللہ اکبر اور یا اللہ کے نعرے بھی بلند کیے گئے۔ ان ویڈیوز نے عوام کو مزید خوف و ہراس کا شکار کر دیا ہے۔ میزائل حملے کی ویڈیو ملاحظہ کیجیے: