Sunday January 19, 2025

پاکستان نے شاہین تھری میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی رینج 2 ہزار 750 کلومیٹر ہے

راولپنڈی : پاکستان نے شاہین تھری میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے، زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی رینج 2 ہزار 750 کلومیٹر ہے۔ صدر ، وزیراعظم نے کامیاب تجربے پرسائنسدانوں اور انجیئنرز کومبارکباد پیش کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے شاہین تھری میزائل کا کامیاب تجربہ کرلیا ہے۔ زمین سے زمین پر مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی رینج 2 ہزار 750 کلومیٹر ہے۔ میزائل کا تجربہ ویپن سسٹم کے ٹیکنیکل پیرامیٹرز کو جانچا گیا، میزائل نے بحیرہ عرب میں کامیابی سے ہدف کو نشانہ بنایا۔ صدر مملکت ، وزیراعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کامیاب تجربے پرسائنسدانوں اور انجیئنرز اور قوم کو مبارکباد پیش کی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے میزائل کا تجربہ دیکھا۔

ڈی جی ایس پی ڈی،کمانڈر آف اسٹریٹجک فورس، چیئرمین نیسکام، میزائل پروگرام کے سائنسدان ، انجینئرز بھی موجود تھے۔ واضح رہے شاہین تھری میزائل تجربے سے پاکستان کا دفاع انتہائی مضبوط ہوگیا ہے، پاکستان کیلئے بیرونی دشمن قوتوں بالخصوص ازلی دشمن بھارت کی سازشوں اور مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ضروری ہے کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھا جائے،پاکستان امن پسند ملک ہے، پاکستان خطے میں نہ صرف امن چاہتا ہے بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا بھی خواہاں ہے، لیکن دوسری جانب ہندوستان آئے روز پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مرتکب ہورہا ہے،کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کیلئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور فوج بھی وادی میں تعینات کررکھی ہے، ایل اوسی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے، جنگ اور بلااشتعال فائرنگ کی ہمیشہ ہندوستان نے پہل کی لیکن ہمیشہ پاکستان کی طرف سے ان کو منہ کی کھانی پڑی۔ لہذا شاہین میزائل تھری کا کامیاب تجربہ وطن عزیز کے دفاع اور پاکستانی عوام کیلئے بہت بڑی نعمت ہے۔میزائل تجربے سے دشمن بھی حواس باختہ ہوگیا ہے۔

FOLLOW US