Monday November 25, 2024

آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کی فوج کو میدان جنگ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کر دیا، دشمن فوج کے اسلحہ پر قبضہ بھی کر لیا

باکو(نیوز ڈیسک) آذربائیجان کی فوج کی آرمینیائی فوج کے خلاف مسلسل کامیابیاں جاری ہیں۔ ترک خبررساں ادارے کے مطابق آذربائیجان کی فوج نے آرمینیا کے اسلحہ پر قبضہ کرلیا ہے۔ آذربائیجان کی فوج کی جانب سے پیش قدمی مسلسل جاری ہے اور اب آرمینیا کی فوج مسلسل شکست کھاتے ہوئے میدان جنگ چھوڑ کر بھاگ رہی ہے۔ آرمینیا کی فوج کی پسپائی کا یہ عالم ہے کہ انہیں اپنا اسلحہ اٹھانے کا بھی موقع نہیں مل رہا۔ ذرائع کے مطابق آذربائیجان کی فوج نےکاراباخ میں آرمینیا کے فوجی اسلحے پر قبضہ کرنا شروع کردیا ہے۔ آرمینیا کے فوجی میدان جنگ سے بھاگ رہے ہیں۔ اور اس شکست خوردگی کے عالم میں وہ اپنا اسلحہ بھی چھوڑ کر فرار ہورہے ہیں۔ آذربائیجانی فوج کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں آرمینیا سے حاصل کیا اسلحہ بھی دکھایا گیا ہے جو ان کے فوجی فرار ہوتے ہوئے چھوڑ گئے تھے۔

واضح رہے کہ کہ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان کاراباخ نامی علاقے کے حوالے سے تنازعہ ہے جس پر آرمینیا نے 90 کی دہائی میں قبضہ کر لیا تھا۔ یہ آذربائیجان کا علاقہ ہے جس پر قبضے کے حصول کیلئے دونوں ممالک کے درمیان کئی خونریز جنگیں ہو چکی ہیں۔ اس علاقے کو بین الاقوامی طور پر آذربائیجان کا حصہ تصور کیا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ چھ دن سے جاری جنگ میں آرمینیا کی فوج کو اب تک بھاری جانی و مالی نقصان ہوا ہے۔ آذربائیجان کی کامیابیوں پر آرمینیا نے یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ آذربائیجان کو ترکی کی حمایت حاصل ہے، جبکہ یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ اسرائیل بھی آذربائیجان کی مدد کر رہا ہے۔ اسی باعث آذربائیجان کی فوج آرمینیا کی فوج کا بھاری جانی و مالی نقصان کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ جبکہ آذربائیجان کی فوج کچھ علاقوں کا قبضہ بھی ختم کروانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔

FOLLOW US