Friday April 19, 2024

لائن آف کنٹرول پر پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپ

راولپنڈی (ویب ڈیسک) لائن آف کنٹرول پر پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپ، بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے بیدوری سیکٹر پر شہری آبادی اور پاک فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا، پاک فوج کے حوالدار کی شہادت کے بعد منہ توڑ جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز لائن آف کنٹرول کے بیدوری سیکٹر پر پاک فوج اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی۔

بھارتی فوج کی جانب سے ایک مرتبہ پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیڈوری سیکٹر پر شہری آبادی اور پاک فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان حوالدار لیاقت جام شہادت نوش کر گیا۔ اس کے بعد پاک فوج کی جانب سے منہ توڑ جوابی کاروائی کی گئی۔ پاک فوج کی بھرپور جوابی کاروائی میں بھارتی فوج کا بھاری جانی نقصان ہوا۔ جبکہ بھارتی چوکیوں کو بھی ٹھیک ٹھاک نقصان پہنچایا گیا۔ واضح رہے کہ آج ہی کے روز بھارت کی جانب سے جاسوس ڈرون کے ذریعے پاکستانی علاقے کی جاسوسی کرنے کی کوشش کی گئی تھی، جو ناکام رہی۔ بھارتی فوج کا جاسوس کواڈ کاپٹر چکھوٹی سیکٹر میں پاکستانی حدود میں 500 میٹر تک گھس آیا تھا، جسے پاک فوج نے مار گرایا۔ پاک فوج اب تک 11 بھارتی جاسوس ڈرون گرا چکی ہے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس کے دوران سپہ سالار نے ہدایت کی کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر نگی تیاریاں بڑھائی جائیں۔

FOLLOW US