خرطوم(مانیٹرنگ ڈیسک)صحارا دنیا کا سب سے بڑا صحرا ہے، لیکن یہ مزید پھیلتا چلا جا رہا ہے اور پچھلے ایک سو سال میں اس کے رقبے میں دس فیصد کا اضافہ ہو چکا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک تازہ ترین تحقیق میں بتایا گیا کہ صحارا جنوب کی طرف حرکت کر کے سوڈان اور چاڈ کے ٹراپیکل علاقوں میں داخل ہو رہا ہے،
جس سے سرسبز علاقے خشک ہو رہے ہیں اور کاشت کاری کے لیے مخصوص زمینیں بنجر ہوتی جا رہی ہیں۔صحارا کا کل رقبہ 92 لاکھ مربع کلومیٹر ہے جب کہ اس میں گذشتہ ایک صدی کے دوران ہونے والا اضافہ پاکستان کے رقبے سے بھی زیادہ ہے۔سائنس دانوں کا کہنا تھا کہ اس کی ایک وجہ ماحولیاتی تبدیلی ہے۔ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے 1920 کے بعد سے افریقہ بھر میں ہونے والی بارش کا ریکارڈ اکٹھا کیا تو پتہ چلا کہ انسانوں کے ہاتھوں ماحول میں لائی جانے والی تبدیلی بھی اس کا ایک اہم سبب ہے۔تحقیق کاروں کا کہنا تھا کہ زیادہ امکان اس بات کا ہے کہ یہ رجحان مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔سائنس دانوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ عمل صرف صحارا تک محدود نہیں ہے بلکہ دنیا کے دوسرے کئی علاقوں میں بھی یہی عمل دہرایا جا رہا ہے۔تحقیق میں شامل پروفیسر سمنت نگم نے کہاکہ یہ نتائج صحارا سے مخصوص ہیں لیکن ان کے دنیا کے دوسرے صحراؤں کے لیے بھی مضمرات ہیں۔دنیا کی آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ صحراؤں کے کناروں پر رہنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے، لیکن صحراؤں کے پھیلنے سے ان کی کھیتی باڑی کا رقبہ صحرا کے نیچے آ رہا ہے