کراچی (نیوز ڈیسک) ریاض سے ملتان آنے والے پی آئی اے طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ، قومی ائیرلائن کے مسافر طیارے میں دوران پرواز فنی خرابی پیدا ہوئی جس کے بعد اسے بحفاظت جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ اتار لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے پاکستان واپس آنے والی پی آئی اے کی ایک پرواز حادثے کا شکار ہونے سے بچ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ خصوصی پرواز کے سلسلے میں قومی ائیرلائن پی آئی اے کا ایک مسافر طیارہ سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے پاکستان کے شہر ملتان آ رہا تھا جب دوران پرواز طیارے میں اچانک فنی خرابی پیدا ہوئی۔
فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد طیارے کے پائلٹ نے فوری کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا۔ فنی خرابی پیدا ہونے کے بعد پائلٹ نے طیارے کا رخ کراچی کی جانب موڑ دیا اور پھر طیارے کو بحفاظت کراچی ائیرپورٹ پر لینڈ کروا لیا گیا۔ اس دوران خوش قسمتی سے طیارے میں موجود کسی شخص کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ جبکہ طیارے میں پیدا ہونے والی فنی خرابی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ تاہم کراچی میں طیارے کی لینڈنگ کے بعد مسافروں کی جانب سے احتجاج کیا گیا اور دوسرے طیارے میں سوار ہونے سے انکار کر دیا گیا۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پی آئی اے کا ایک مسافر طیارہ کراچی ائیرپورٹ کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ طیارہ لاہور سے کراچی جاتے ہوئے جناح اںٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب کریش کر گیا تھا۔