کراچی (نیوزڈیسک ) ڈیرن سیمی نے پی ایس ایل فائنل جیتنے کی صورت میں پاکستان کیلئے شاندار کام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کے تیسرے سیزن کا فائنل کل بروز اتوار کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پی ایس ایل کا فائنل دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور پہلے ایڈیشن کے چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔
میچ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ جبکہ ہفتے کے روز پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے بتایا کہ ان کی ٹیم فائنل میں فتح حاصل کرنے کیلئے تیار ہے۔ ڈیرن سیمی نے اس دوران زبردست سرپرائز دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر پشاور زلمی پی ایس ایل کا فائنل جیت گئی تو اس کے بعد وہ پشاور کا دورہ بھی کریں گے۔ ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ وہ پشاور کا دورہ کرکے پوری دنیا کے سامنے اس شہر کا پرامن چہرہ لانے کی کوشش کریں گے۔ جبکہ وہ امید ظاہر کرتے ہیں کہ ان کی کوششوں کے باعث پشاور میں بھی بین الاقوامی کرکٹ واپس آ پائے گی۔