Wednesday January 22, 2025

دوسوروپے دیں اور اپنا گھر خریدیں

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) گھر کی قدر و قیمت وہی جان سکتے ہیں جو بے گھر ہیں۔ ہر بے گھر کا اولین خواب گھر بنانا یا خریدنا اور پھر اس میں رہائش اختیار کرنا ہوتا ہے۔ پاکستان میں بھی لاکھوں لوگ کرائے کے مکانوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں یا پھر جھُگیوں میں سرچھُپا کر زندگی کو بس دھکا ہی دے رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے بھی بے گھر لوگوں کے لیے لاکھوں مکان بنانے کے لیے ایک میگا اسکیم کا اعلان کیا گیا جسے بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔کچھ ایسا ہی اٹلی کی حکومت کی جانب سے بھی کیا گیا ہے۔اٹلی کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ جو لوگ بے گھر ہیں وہ جزیرہ سسلی میں واقع ایک بے آباد گاؤں سنبوکا میں گھر خرید سکتے ہیں اور اس کے لیے انہیں محض ایک یورو ادا کرنا ہوں گے جس کی پاکستانی کرنسی میں مالیت صرف 200روپے بنتی ہے۔اطالوی جزیرے سسلی کی انتظامیہ نے یہ

انتہائی کم قیمت گھر وہاں کی آبادی میں مسلسل کمی ہونے کی وجہ سے دینے کا اعلان کیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق اس جزیرے میں واقع سنبوکا گاؤں کی آبادی نہ ہونے کے برابر ہے۔ جو تھوڑی بہت آبادی ہے و ہ بھی شہروں کی جانب نقل و حمل کر رہی ہے۔ جس وجہ سے یہاں کی آبادی صرف 5800 رہ گئی ہے۔ اس ویران ہوتے گاؤں کو آباد کرنے کے لیے غیر مُلکیوں کو بھی پیش کش کی گئی ہے۔ اس منصوبے کے اعلان کے بعد دُنیا بھر سے درخواستیں موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ اس اعلان کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ چند روز میں ہی دُنیا بھر سے ہزاروں غیر مُلکیوں نے مکانوں کو خریدنے کے لیے درخواستیں دیں۔ جن میں سے فی الحال 60 غیر مُلکیوں کی درخواستیں قبول کرنے کے بعد اُنہیں یہ مکانات بیچ دیئے گئے ہیں۔ پاکستانی بھی اس آفر سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں ، تاہم اس کے لیے اٹلی کا ویزہ لینا لازمی ہو گا۔

FOLLOW US