اسلام آباد(نیو زڈیسک) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان کو عدالت نے تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنا دی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم نے لڑکی کے چہرے کو جُوتے سے نشانہ بنایا۔ 21 سالہ بھارتی لڑکی نے عدالت کو بتایا کہ اُس کی فیس بُک کے ذریعے 25 سالہ پاکستانی نوجوان سے دوستی ہوئی جس کے بعد اُن کے درمیان فون کالز کے ذریعے رابطہ رہنے لگا۔کچھ عرصہ بعد نوجوان نے اُسے شادی کی پیشکش کر ڈالی
تاہم لڑکی نے اُس کی پیش کش کو ٹھُکرا دیا اور اُسے منع کر دیا کہ وہ آئندہ اُس سے کوئی رابطہ نہیں رکھنا چاہتی۔ جس کے بعد ملزم نے اُسے مسلسل ٹیلی فون کالز کر کے پریشان کر ڈالا جس پر لڑکی نے اپنے والد کو ساری صورتِ حال سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ لڑکی نے بتایا کہ وقوعہ کے روز میں نے اپنی گاڑی الغسیس میں واقع اپنی رہائش گاہ کے باہر کھڑی کی تو پاکستانی نوجوان بھی وہیں آ گیا اور میرا راستہ روک کر کھڑا ہو گیا۔اس سے پہلے کہ میں اس صورتِ حال کو سمجھ پاتی اُس نے مجھے زبردستی اپنی گاڑی میں بٹھایا اور گاڑی چلا دی۔ اسی دوران اُس نے مجھ سے میرا موبائل فون بھی چھین لیا۔ میں نے گاڑی کی ہینڈ بریک کھینچ دی اور گاڑی کے رُکتے ہی اُس میں سے باہر نکل کر کسی جانب دوڑ لگا دی۔ میرا پاکستانی دوست میرے پیچھے پیچھے آیا اور اپنے جُوتے سے مجھے پیٹ ڈالا جس سے میں شدید زخمی ہو گئی۔“ عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق بھارتی دوشیزہ کے کان پر جوتے کی ضرب کا نشان پایا گیا۔ دُوسری جانب پاکستانی نوجوان کا کہنا تھا کہ ہم دونوں نے اپنے درمیان اختلافات کو ختم کرنے کے لیے ملاقات کی تھی جس دوران لڑکی نے مجھ پر حملہ آور ہوئی ، جب میں نے اُسے خود سے پرے ہٹانے کے لیے دھکا دیا تو وہ زمین پر گر کر زخمی ہو گئی۔ میں نے اُسے جُوتا نہیں مارا۔ اس مقدمے کی سماعت اگلی تاریخوں تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ہے۔