Wednesday January 22, 2025

بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر لڑکیوں کی دوکان پر داڑھی بنوانے پہنچ گئے

ممبئی(آئی این پی)دنیائے کرکٹ میں عالمی شہرت یافتہ سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے خواتین حجام (ہیئر ڈریسر)سے اپنی داڑھی بنوانے(شیوبنوانے)کی تصویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر لگائی تو ان کے فینز نے اسے بہت پسند کیا اور اسٹار کرکٹر کے اس اقدام کو بے حد سراہا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے دنیائے کرکٹ میں ایک منفرد اہمیت کے حامل گردانے جانے والے سچن ٹنڈولکر نے لکھا کہ یہ میرے لیے پہلی مرتبہ ہے، لیکن آپ کو شاید معلوم نہیں ہوگا کہ میں نے پہلے کبھی کسی دوسرے سے شیو نہیں بنوائی مگر آج وہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ باربر شاپ گرلز سے

ملنا ایک اعزاز کی بات ہے۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق باربر شاپ گرلز ان دو بہنوں کو کہا جاتا ہے جو بھارتی ریاست اترپردیش میں اپنے بیمار والد کی باربر شاپ چلاتی ہیں۔ذرائع ابلاغ کے مطابق نیہا اور جیوتی نے پانچ سال قبل اس وقت اپنے والد کی باربر شاپ کا کام سنبھالا جب وہ بیمار ہوگئے اور دکان چلانا ان کے اختیار میں نہیں رہا۔بھارتی میڈیا کے مطابق چونکہ یہ پیشہ زیادہ تر مردوں سے منسوب ہے اس لیے دونوں بہنوں کو جب مشکلات پیش آئیں تو انہوں نے نہ صرف رنگ ڈھنگ لڑکوں والے اپنا لیے بلکہ اپنے نام تک تبدیل کرنے میں عار محسوس نہیں کی۔نیہا اور جیوتی نے اس تبدیلی سے یہ فائدہ اٹھایا کہ وہ اپنے والد کا کاروبار کرتی رہیں اور ملنے والی رقم سے اپنے گھر کا خرچ چلانے کے علاوہ بیمار والد کا علاج کرایا۔ دونوں بہنوں نے اپنی محنت کی کمائی سے اپنا تعلیمی خرچہ بھی نکالا۔بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق باربر گرلز کے نام سے معروف ہونےوالی نیہا اور جیوتی کی سچی کہانی سے متاثر ہو کرایک معروف کمپنی نے اشتہارتیار کرایا تو اس کی وجہ سے سابق بھارتی بلے باز شچن ٹنڈولکر کو باربر شاپ گرلز سے ملاقات ممکن ہوئی اور انہیں کسی دوسرے سے شیو بنوانی پڑی۔ممتاز شیونگ کمپنی کی جانب سے سچن ٹنڈولکر نے دونوں بہنوں کو ان کی محنت اور لگن پر اسکالرشپس دینے کا اعلان کیا جس کے تحت باربر شاپ گرلز کے تمام تعلیمی اخراجات اب وہی شیونگ کمپنی اٹھائے گی۔

FOLLOW US