والدین کی ٹریننگ کی بدولت جنگل میں لاپتا دو بچیاں زندہ بچ گئیں
کیلیفورنیا(ویب ڈیسک)شمالی کیلی فورنیا کے جنگل میں گم ہونے والی دو بچیاں اپنے والدین کی طرف سے زندہ رہنے کے لیے سکھائے گئے اصول کی وجہ سے بچ گئیں۔پانچ سالہ کیرولین اور 8 سالہ لییا کیریکو شمالی کیلی فورنیا کے گھنے جنگلات میں 44 گھنٹے تک بھٹکتی رہیں ان کا بچ جانا ایک معجزہ ہے۔ دونوں بچیوں نے کہا کہ وہ زندہ رہنے کے لیے
ایک دوسرے پر انحصار کرتی رہیں اور انہیں پورا بھروسا تھا کہ ان کے والد انہیں ڈھونڈ نکالیں گے۔دونوں بچیوں کے گھر کے ساتھ 80 ایکڑ اراضی ہے جس کے پار جانے کے لیے ان کے والد نے ہمیشہ منع کیا تھا لیکن بچیاں وہاں تک گئیں اور آگے بڑھتے ہوئے راستہ بھول گئیں۔ ان بچیوں نے گھنے جنگل میں لگ بھگ 10 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا تھا۔دونوں بہنوں نے ایک رین کوٹ کے نیچے چھپ کر بارش سے خود کو بچایا اور رات کے وقت ایک دوسرے سے لپٹ کر سوگئیں۔ رات کے وقت وقفے وقفے سے بڑی بہن نے جاگ کر چھوٹی بہن کا خیال رکھا۔ دونوں لڑکیاں جمعے کے روز تین بجے لاپتا ہوئی تھیں۔پہلے بچیوں کے باپ نے موٹرسائیکل لے کر کئی گھنٹے تک بچیوں کو تلاش کیا اور اس کے بعد پولیس سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد 200 پولیس اہلکار، رضاکار اور آگ بجھانے والا عملہ ان کی تلاش میں مصروف ہوگیا اور بعد میں دو ہیلی کاپٹر بھی اس کام میں شامل ہوگئے۔ایک مقام پر دو راتوں سے بھوکی پیاسی بچیاں تھک کر رک گئیں اور جھاڑیوں سے پناہ گاہ بناکر اس میں بیٹھ گئیں۔ ان دونوں بچیوں کا کہنا ہے کہ ان کے والدین کیمپنگ پر انہیں لے جاتے تھے جہاں والدہ
انہیں زندہ رہنے اور خود کو بچانے والے ہنر بتاتی تھیں۔علاوہ ازیں بچیوں نے اسکول کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں گم ہوجانے پر زندہ رہنے کے طریقے بتائے گئے تھے۔ ان میں سب سے بہترین سبق یہ تھا کہ وہ اپنے والدین سے ضرور ملیں گی اور مشکل ختم ہوجائے گی۔ دونوں بچیوں نے اس عرصے میں بارش کا پانی پی کر اپنی پیاس بجھائی تھی۔