خاتون نے سیل سے 1800 روپے میں انگوٹھی خریدلی،جب دوبارہ بیچنے گئی تو کتنے کروڑ میں بکی؟ جان کر آپ بھی سر پکڑ لیں گے
لندن (نیوز ڈیسک ) برطانیہ میں ایک خاتون کی اس وقت لاٹری نکل آئی جب اس نے 33 سال قبل صرف 10 پاؤنڈ (لگ بھگ 1800 روپے پاکستانی) میں خریدی گئی انگوٹھی بیچ کر کروڑوں روپے کمالیے۔برطانوی اخبار دی سن کے مطابق ڈیبرا گوڈرارڈ نامی خاتون نے 33 سال قبل ایک سیل سے شیشے کی انگوٹھی خریدی تھی۔ کچھ عرصہ پہننے کے بعد اس نے یہ
انگوٹھی ایک ڈبے میں ڈال کر رکھ دی جو وقت کی گرد تلے دب کر یادوں کا حصہ بن گئی۔ حال ہی میں اسے یہ انگوٹھی دوبارہ ملی تو اس نے اسے فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔ ڈیبرا کو امید تھی کہ اس انگوٹھی کی قیمت زیادہ سے زیادہ 750 پاؤنڈ ہوگی لیکن اس وقت اس کی حیرت کی انتہا نہ رہی جب وہ اسے ایک جیولر کو دکھانے لے گئی۔ جوہری نے جیسے ہی انگوٹھی دیکھی تو فوری اس میں لگے نایاب ہیرے کو پہچان گیا ۔ جوہری نے بتایا کہ انگوٹھی میں 26 اعشاریہ 27 قیراط کا ہیرا جڑا ہوا ہے جو بیش قیمتی ہے۔ ڈیبرا اس انگوٹھی کو گھر لے آئی اور رات بھر سوچتی رہی کہ اس کا کیا کرنا ہے۔ آخر اس نے صبح اٹھ کر یہ انگوٹھی ایک نیلام گھر کو دے دی جس نے اسے 7 لاکھ 40ہزار پاؤنڈ (لگ بھگ 13 کروڑ روپے پاکستانی) میں نیلام کردیا۔ بولی کے اخراجات اور ٹیکسز وغیرہ نکال کر 55 سالہ ڈیبرا گوڈرارڈ کو 10 پاؤنڈ میں خریدی گئی انگوٹھی سے 4 لاکھ 70 ہزار پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 8 کروڑ روپے پاکستانی) کی آمدن ہوئی۔