دنیا کی عقلمند ترین قوموں میں پاکستانی شہری کس نمبر پر؟ جان کر آپ کا سینہ فخر سے چوڑا ہوجائے گا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی لابی کی پشت پناہی میں مغربی میڈیا کا ایک حصہ دنیا کو پاکستان کی ایسی تصویر دکھاتا ہے کہ جیسے پاکستان ایک ناکام ریاست ہے اور بس دیوالیہ ہوا چاہتا ہے اور پاکستان میں کچھ بھی ایسا نہیں جسے سراہا جا سکے، مگر حقیقت اس کے یکسر برعکس ہے اور عالمی سطح پر اس کے ثبوت موجود ہیں۔ اب گلف نیوز میں لکھے گئے آرٹیکل میں سعودی عرب کے سیاسی و سماجی تجزیہ کار طارق اے المعینہ(Tariq A. Al Maeena) نے پاکستان کے بارے میں کچھ ایسے حقائق دنیا کے سامنے رکھے ہیں کہ جان کر ہر پاکستانی کا سینہ فخر سے چوڑا ہو جائے گا۔ انہوں نے لکھا ہے کہ گزشتہ پانچ سالوں میں پاکستان میں شرح خواندگی 250فیصد کی شرح سے بڑھی ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ آج تک دنیا کے کسی ملک میں شرح خواندگی اس تیزی کے ساتھ نہیں بڑھی۔ انسٹیٹیوٹ آف یورپین بزنس ایڈمنسٹریشن کی طرف سے 125ممالک پر مشتمل ایک سروے کیا گیا ہے جس میں پاکستانی قوم کو دنیا کی چوتھی ذہین ترین قوم قرار دیا گیا ہے۔ ایک ہی سال میںکیمبرج کے اے اور او لیول کے دونوں امتحانات پاکستانی طلبہ نے ٹاپ کر رکھے ہیں اور یہ بھی ایک ورلڈ ریکارڈ ہے جو آج تک کوئی ملک نہیں توڑ سکا۔ طارق المعینہ مزید لکھتے ہیں کہ دنیا کے سب سے کم عمر مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ ایکسپرٹ کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہے جو ارفع عبدالکریم اور بدراقبال نے حاصل کیا۔ 2004ءمیں ارفع کریم کو 9سال کی عمر میں کم عمر ترین مائیکروسافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کا اعزاز دیا گیا۔پاکستان سائنسدان اور انجینئرز پیدا
کرنے والا دنیا کا ساتواں بڑا ملک ہے اور دنیا کا چوتھا بڑا براڈ بینڈ انٹرنیٹ سسٹم پاکستان کا ہے۔پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور واحد ملک ہے جو ایٹمی طاقت بنا۔ یہ بھی پاکستان کا اعزاز ہے کہ اس کے ایئرفورس پائلٹ دنیا میں سب سے بہتر تربیت یافتہ ہیں۔ پاکستان کی میزائل ٹیکنالوجی دنیا کی بہترین ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔ پاکستان نے ایٹمی طاقت بننے کے کچھ عرصے بعد ہی بڑی تعداد میں مختلف قسم کے میزائل بنانے شروع کر دیئے تھے۔ پاکستان دنیا کی چھٹی بڑی فوجی طاقت بھی ہے اور چین کے اشتراک سے جے ایف 17طیارے بھی بنا رہا ہے جو ہلکے وزن کے سنگل انجن ملٹی رول لڑاکا طیارے ہیں۔ یہ پاکستان ایئرناٹیکل کمپلیکس میں تیار کیے جاتے ہیں۔دنیا کی سب سے گہری گرم پانی کی بندرگاہ گوادر پاکستان کے پاس ہے۔ پاکستان کا تربیلا ڈیم دنیا کا سب سے بڑا ’ارتھ فِلڈ‘ (Earth-filled)ڈیم اور مجموعی طور پر دنیا کا دوسرا بڑا ڈیم ہے۔ پاکستان اور چین کو باہم منسلک کرنے والی قراقرم ہائی وے دنیا کی بلند ترین شاہراہ ہے۔ کھیوڑہ دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان ہے جو آپریشنل ہے۔دنیا کا سب سے بڑا آبپاشی کا نظام پاکستان میں ہے جو 14لاکھ 40ہزار ہیکٹرز زمین کو سیراب کرتا ہے۔ پاکستان دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں انڈس ویلی، موہنجودڑو اور ہڑپہ کی سرزمین ہے۔ پاکستان میں 60سے زائد زبانیں بولی جاتی ہیں اور یہ آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے۔ مسلم آبادی کے لحاظ سے پاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا ایمبولینس نیٹ ورک پاکستان میں ہے جو عبدالستار ایدھی نے 1951ءمیں قائم کیا۔کم عمر ترین شخص کے نوبل انعام حاصل کرنے کا اعزاز بھی پاکستان کے پاس ہے جو ملالہ یوسف زئی نے حاصل کیا۔ پاکستان سرجری کا سامان برآمد کرنے والے دنیا کے چند بڑے ممالک میں سے ایک ہے۔ دنیا بھرمیں جتنا فٹ بال بنایا جاتا ہے اس کالگ بھگ 50فیصد پاکستان بناتا ہے۔ قدرتی مظاہر میں بھی پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے جو میں دنیا کی دوسری اور 9ویں بلندترین چوٹیاں کے ٹو اور نانگاپربت واقع ہیں۔ تھر دنیا کے سب سے بڑے گرم مرطوب صحراؤں میں سے ایک ہے۔ 1994ءمیں پاکستان کرکٹ، ہاکی، سکواش اورسنوکر چاروں کھیلوں میں ورلڈ کپ حاصل کرنے والا پہلا ملک بنا۔ عالمی ٹورسٹ گائیڈ ’لونلی پلانٹ‘ (Lonely Planet)پاکستان کو سیاحوں کے لیے پسندیدہ ترین ممالک میں سے ایک قرار دے چکی ہے۔ 2018ءمیں ہونے والے اقوام متحدہ کے سروے کے مطابق پاکستانی قوم اپنے خطے کی تمام قوموں میں سب سے زیادہ خوش رہنے والی قوم قرار دی گئی ہے۔