فیصل آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ویسے تو گھر سے تعلیم ، کام کاج،خریداری یا سفر کےلئے جانے والی خواتین کو اکثر و بیشتر جنسی ہراسگی کے واقعات کا سامنا رہتا ہے لیکن پاکستان سمیت دنیا بھر میں زیر تعلیم لڑکیاں اپنے مرد اساتذہ کے بھی شرمناک جنسی رویوں کی بھینٹ چڑھتی رہتی ہیں۔ فیصل آباد کے پنجاب میڈیکل کالج کی ایک جواں سالہ طالبہ نے اپنے اسسٹنٹ پروفیسر کی جانب سے گزشتہ تین سال سے ہراساں کیے جانے کا الزام عائد کیا ہے۔
مہوش امین نامی اس طالبہ کا کہنا ہے کہ مجھے میرا اسسٹنٹ پروفیسر پچھلے تین سال سے جنسی ہراساں کر رہا ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے انکشاف میں مہوش کا کہنا ہے کہ وہ تین سال سے اپنے پروفیسر اسسٹنٹ پروفیسر سے جنسی ہراساں ہورہی ہے ۔ خرم راجہ ایسی شرمناک حرکات کا مرتکب ہوا ہے جو میڈیکل کی مقدس تعلیم کے تقدس کو پامال کررہی ہیں۔ انھوںنے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس ایسے تمام واقعات کے ثبوت بھی موجود ہیں۔ انھوںنے وی سی پروفیسر ڈاکٹر سید محمد علی ترمذی، ایم ایس الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ڈاکٹر خرم الطاف اور ڈسپلنری کمیٹی سے مذکورہ پروفیسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔