Sunday January 19, 2025

دنیا کا 8 ارب واں بچہ۔کس وقت اور کس ملک میں پیدا ہو گیا؟جانیں دلچسپ خبر

اسلام آباد: دنیا کی آبادی 15 نومبر 2022 کو 8 ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق 15 نومبر کو دنیا کی آبادی نے 8 ارب کے سنگ میل کو عبور کرلیا ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے اس حوالے سے ویب سائٹ پر ایک کاؤنٹ ڈاؤن لگایا گیا تھا جس میں اس لمحے کا تعین کیا گیا تھا جب دنیا کی آبادی 8 ارب کے ہندسے تک پہنچ جاتی۔عالمی ادارے نے 15 نومبر کو ڈے آف 8 بلین کا نام بھی دیا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ 7 سے 8 ارب تک پہنچنے میں 12 سال لگے۔تو 8 ارب واں بچہ کہاں پیدا ہوا؟ اس کا درست جواب دینا تو بہت مشکل ہے کیونکہ ابھی اس حوالے سے ڈیٹا اکٹھا ہونا باقی ہے۔مگر دارالحکومت منیلا کے ضلع Tondo میں ایک بچی کی پیدائش پر فلپائنی میڈیا نے اسے علامتی طور پر 8 ارب واں بچہ قرار دیا۔

اس بچی کی پیدائش منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 29 منٹ پر ہوئی۔فلپائن کے سب سے بڑے انگریزی اخبار فلپائن اسٹار نے اس حوالے سے ٹوئٹ بھی کی۔اس سے قبل 2011 میں بنگلا دیش میں پیدا ہونے والی سعدیہ سلطانہ کو 7 ارب واں بچہ قرار دیا گیا تھا۔سعدیہ کی پیدائش کے موقع پر اس کے اردگرد ٹی وی کیمرے اور حکام بھی موجود تھے۔خیال رہے کہ 1800 کے اوائل میں انسانی آبادی ایک ارب تک پہنچی اور 1928 میں 2 ارب ہوئی۔ 1975 میں انسانی آبادی 4 ارب تک پہنچی اور اب یہ 8 ارب کے سنگ میل کو عبور کرنے والی ہے۔اقوام متحدہ کے مطابق انسانی آبادی میں اضافے کی وجہ انسانی عمر میں بتدریج اضافہ ہے کیونکہ صحت، غذا، ذاتی صفائی اور ادویات کے نظام بہتر ہوئے ہیں۔اسی طرح کچھ ممالک میں زیادہ شرح پیدائش کا تسلسل بھی برقرار رہا ہے۔عالمی ادارے کے مطابق 7 ارب کے بعد آبادی کو 8 ارب ہونے میں 12 سال لگے جبکہ 9 ارب کے سنگ میل تک پہچنے میں 15 سال (2037 میں ایسا ہوگا) لگ جائیں گے۔اسی طرح 2023 میں بھارت چین کو پیچھے چھوڑ کر آبادی کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا ملک بن جائے گا۔

FOLLOW US