Sunday January 19, 2025

تنخواہ بڑھانے سے انکار کردیا تو فکر نہ کریں… چند ایسے طریقے کمپنی تنخواہ میں اضافے پر خود مجبور ہوجائے

پٹرول کی قیمت بڑھ گئی، آٹا مہنگا، دال مہنگی سبزی مہنگی اخراجات کو پورا کرنا انسان کے بس سے باہر ہوتا جا رہا ہے- ان حالات میں دال روٹی عزت سے چلانے کے لیے ہر ایک کو چاہیے کہ وہ اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے کوشش کرے اور ایسا دو صورتوں میں ہو سکتا ہے- ایک صورت تو یہ ہے نوکری کے ساتھ ساتھ کوئی اور بھی کام کیا جائے جس سے آمدنی میں اضافہ ہو سکے-
دوسرا راستہ یہ ہے کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ تنخواہ بڑھانے کی کوشش کی جائے- سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں تو بجٹ میں 15 فی صد کا اضافہ ہو گیا ہے مگر مسئلہ پرائيویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے ملازمین کا ہے جو اگر تنخواہ بڑھانے کی درخواست کریں تو اس کے جواب میں ان کے سروں پر نوکری سے نکال دیے جانے کی تلوار لٹک رہی ہوتی ہے-

تنخواہ میں اضافے کی بات کرنے کے طریقے
جس طرح مہنگائی نے آپ کو پریشان کر رکھا ہے اسی طرح ادارے کے لیے مشکلات بھی بڑھا دی ہیں جس کی وجہ سے کسی ملازم کی جانب سے تنخواہ میں اضافے کا مطالبہ مالکان کو بلیک میلنگ محسوس ہوتا ہے اور وہ آخری قدم اٹھانے پر مجبور ہو سکتے ہیں- اس وجہ سے آج ہم آپ کو ایسے طریقے بتائيں گے جن کے استعمال سے آپ کی تنخواہ میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے اور نوکری کو خطرہ بھی نہیں ہوگا-

1: کمپنی کو اپنی اہمیت کا احساس دلائیں
پرائيویٹ سیکٹر میں کام کرنے والے افراد اس بات سے بخوبی واقف ہوتے ہیں کہ کمپنی ان کو اس وقت تک ہی کارآمد سمجھتی ہے جب تک وہ اس کو کما کر دے رہے ہیں- اس وجہ سے اپنی تنخواہ میں اضافے کی بات کرنے سے پہلے اپنی اہمیت کو بڑھائیں یہاں تک کہ آپ کمپنی کی مجبوری بن جائيں- اسی صورت میں کمپنی آپ کی اہمیت کو سمجھے گی- اس کے بعد کمپنی یا اپنے ایچ آر کو اس بات کا احساس دلائیں کہ آپ کی موجودگی کمپنی کے لیے کتنی مفید ہے اور اس کے بعد جب ان کو احساس ہو جائے اور وہ اس کو سراہیں تو اس وقت ان سے تنخواہ کو بڑھانے کا مطالبہ کیا جا سکتا ہے-

2: تنخواہ میں اضافے کے لیے اپنی ٹیم کی سپورٹ لیں
اپنے منہ میاں مٹھو بننے کے بجائے کوشش کریں کہ آپ کی ٹیم کے لوگ مالکان اور ایچ آر کو اس بات کا احساس دلائيں کہ آپ کا کام کتنا بہتر ہے- اس طرح سے ایچ آر دوسرے لوگوں کی تعریف پر یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ اس انسان کی وقعت کمپنی کے لیے کیا ہے اور وہ تنخواہ میں اضافے کی درخواست پر غور کرنے پر مجبور ہو جاتا ہے-

3: صرف پیسوں میں اضافے کی درخواست کے بجائے ترقی کی بات کریں
اگر آپ آمدنی میں اضافے کے خواہشمند ہیں تو اس کے لیے آپ کو اضافی ذمہ داریوں کو قبول کرنے سے ہچکچاہٹ نہیں کرنی چاہیے- اور مالکان کے سامنے اضافی ذمہ داریاں قبول کرنے کا عندیہ دیں جس کے ساتھ ساتھ ترقی کے امکانات میں اضافہ ہو سکتا ہے اور تنخواہ میں بھی اضافہ ممکن ہے-

4: بحث سے گریز کریں
عام طور پر بحث کرنے سے جب کہ معاملہ تنخواہ میں اضافے کا ہو آپ کے تعلقات ایچ آر سے کشیدہ کر سکتے ہیں اس وجہ سے کوشش کریں کہ معاملے کو اس نہج تک نہ جانے دیں- تنخواہ کے بڑھانے کے مطالبات سے قبل اپنے ہوم ورک کو مکمل کر کے دلیل سے بات کریں تاکہ وہ آپ کی بات کو مسترد نہ کر سکیں- اور اگر اس کے باوجود ان کے رویے میں لچک نظر نہ آئے تو خاموشی اختیار کریں کیوں کہ موقع کی مناسبت سے اس وقت یہی حکمت عملی بہتر ہے-

5: نئے مواقع تلاش کرنا شروع کر دیں
اگر کمپنی آپ کی تمام تر کوششوں اور محنت کو نظر انداز کر کے اس کو درست انداز میں سراہنے کے لیے تیار نہیں ہے تو یہی بہتر ہے کہ خاموشی سے دوسرے مواقعوں کی تلاش شروع کر دیں- اگر آپ کو بہتر آفر مل جاتی ہے تو اس سے اپنے ایچ آر کو مطلع کریں تاکہ اگر وہ آپ کو اس سے زيادہ آفر کر کے روکنا چاہے تو بہتر ہے ورنہ دوسری صورت میں آپ کے پاس راستے کھلے ہوں گے-

FOLLOW US