دبئی:کورونا وائرس کے پیش نظر سخت فضائی پابندیوں کے باعث ممبئی سے مسافر طیارہ صرف ایک مسافر کو لے کر دبئی پہنچا ، جاویری نامی شخص نے 18 ہزار بھارتی روپے میں چارٹرڈ فلائٹ کا مزہ اٹھایا۔ تفصٰلات کے مطابق ایمریٹس ایئر لائن کے مسافر طیارے بوئنگ 777 میں 350 مسافروں کی گنجائش ہوتی ہے لیکن حیران کن طور پر ممبئی سے دبئی جانے والی فلائٹ میں صرف ایک مسافر ہی سوار ہواجس کا استقبال ایئر ہوسٹس نے تالیاں بجا کر کیا ۔متحدہ عرب امارات نے بھارت میں کورونا کی تازہ اور ہلاکت خیز لہر کے باعث انڈیا سے آنے والی پروازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ طیارے کے پائلٹ نے پرواز سے قبل اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ اس طیارے میں واحد مسافر ہیں اور یہ طیارہ صرف آپ کے لیے اڑان بھر رہا ہے۔
40 سالہ بھاویش جاویری 19 مئی کو دبئی جانے کیلئے ممبئی ایئر پورٹ سے ایمریٹس ایئر لائن پر سوار ہوئے ، ان کا کہناتھا کہ ایئر ہوسٹس نے میرا استقبال تالیاں بجا کر کیا ، بھارتی شہری ” سٹارجیم گروپ “ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں ، نے بتایا کہ وہ اب تک دبئی کی 240 سے زائد پروازوں پر سوار ہو چکے ہیں لیکن گزشتہ بیس سالوں میں ان کا یہ سب سے بہترین سفر تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ جیسے ہی طیارے میں داخل ہوئے تو کیپٹن نے کاک پٹ سے ہاتھ ہلا کر ان کا استقبال کیا ، ایئر ہوسٹس نے کہا کہ ہم سمجھے تھے کہ شائد آپ اکیلے سفر کرنے میں ڈر محسوس کریں گے ، اسی دوران جہاز کا کپتان کاک پٹ سے نکلا اور ہمارے ساتھ آ کر گفتگو میں بھی شریک ہوا ۔ طیارے میں صرف ایک مسافر کی موجودگی سے متعلق ایئرلائن کمپنی کی جانب سے کسی قسم کا ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم سوشل میڈیا پر صارفین نے طیارے کے واحد مسافر کو چارٹر طیارے کا مزہ لینے پر مبارک باد دی۔