Friday May 17, 2024

دوہزار پاﺅنڈ سے کام شروع کرکے دو بہنیں کروڑوں کمانے لگیں، مثال بن گئیں

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) کچھ کر گزرنے کی لگن اور کڑی محنت ہی کامیابی کی ضمانت ہیں اور اس کی نئی مثال برطانیہ کی یہ دو بہنیں ہیں جنہوں نے گھر کے باغیچے کے شیڈ سے کام شروع کیا اور کامیابی کی اس منزل تک پہنچیں کہ ہر سننے والا متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے۔ برطانوی علاقے فلنٹشر کے ایک چھوٹے سے گاﺅں ہوپ کی رہنے والی 25سالہ ایلیس جونزاور اس کی چھوٹی بہن 22سالہ میسی جونز نے 2017ءمیں ’سسٹرز اینڈ سیکرز‘ (Sisters & Seekers)کے نام سے اپنا فیشن برانڈ شروع کیا۔ اس کے لیے ان کے پاس محض 2ہزار پاﺅنڈ کی سرمایہ کاری تھی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق ایلیس اور میسی نے 18سے 30سال کی عمر کے لوگوں کو اپنا ٹارگٹ بنایا اور ان کے لیے ایتھلیزر سٹائل کے ملبوسات تیار کرنے شروع کیے۔

وہ یہ ملبوسات ’ای بے‘ اور دیگر ای کامرس ویب سائٹس پر فروخت کرتی تھیں۔ گھر کے باغیچے کے شیڈ سے شروع کئے گئے اس کاروبار نے اس قدر ترقی کی کہ گزشتہ ایک سال کے دوران دونوں بہنوں نے اس فیشن برانڈ سے 30لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 63کروڑ 22لاکھ روپے) کمائے۔ ایلیس اور میسی کو بہت جلد یہ کاروبار ایک بڑی جگہ پر منتقل کرنا پڑ گیا اور اس وقت ان کے ہاں 15لوگ ملازمت کر رہے ہیں۔ ایلیس نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ”ہم دونوں بہنوں نے ابتداءمیں 24گھنٹے اور ہفتے کے 7دن بھی کام کیا۔ پہلا ایک سال صرف ہم دو بہنیں ہی کام کر رہی تھیں، ہم نے کوئی ورکر نہیں رکھا تھا چنانچہ اس ایک سال میں ہم نے بہت کڑی محنت کی۔ ہم دن میں 16گھنٹے تک کام کرتی تھیں۔ “ رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وباءکے دوران جب لوگوں کے کاروبار بند ہو رہے تھے، ایلیس اور میسی نے مردوں کے ملبوسات کا ایک برانڈ بھی متعارف کرایا جس کا نام انہوں نے Brother + Kinرکھا اور یہ برانڈ بھی کافی مقبول ہو چکا ہے۔

FOLLOW US