Tuesday April 23, 2024

دنيا کی 10 امير ترين شخصيات کون سی ہيں اور انہوں نے کيسے دولت جمع کی؟

کيا آپ جانتے ہيں کہ اس وقت دنيا کی امير ترين شخصيات کون سی ہيں اور انہوں نے کيسے اپنی اپنی دولت جمع کی؟ يہ ہيں فوربز جريدے کے مطابق دنيا کے دس امير ترين افراد۔

جيف بيزوس
ستاون برس کی عمر کے امريکی شہری جيف بيزوس اس وقت دنيا کے امير ترين شخص ہيں۔ وہ کل 182.1 بلين ڈالر کا سرمایہ رکھتے ہيں۔ بيزوس نے 1994ء ميں اپنے گيراج سے انٹرنيٹ پر ايميزون کی بنياد رکھی تھی۔ بيزوس ايميزون کے علاوہ ’دا واشنگٹن پوسٹ‘ اور ايرو اسپيس کمپنی ’بلو اوريجن‘ کے بھی مالک ہيں۔

ايلون مسک
امير ترين افراد کی فہرست ميں 176.2 بلين ڈالر کی ملکيت کے ساتھ امريکی ايلون مسک دوسرے نمبر پر ہيں۔ مسک زمين اور خلا ميں ٹرانسپورٹ کو بہتر بنانا چاہتے ہيں۔ زمين پر اپنی اليکٹرک کار کمپنی ٹيسلا کی مدد سے اور خلا ميں اسپيس ايکس کی مدد سے۔

برنارڈ آرنوں
فرانسيسی برنارڈ آرنوں اپنے بچوں کے ہمراہ 153.3 بلين ڈالر کے مالک ہيں۔ وہ ستر مختلف برانڈز کے مالک ہيں، جن ميں لوئی وتوں، ٹفينی اينڈ کو اور سيفورا جيسے بڑے نام شامل ہيں۔

بل گيٹس
امير ترين افراد کی فہرست ميں چوتھا نمبر بل گيٹس کا ہے۔ گيٹس کی مجموعی دولت 121.4 بلين ڈالر ہے۔ مائکروسافٹ کے سابق کرتا دھرتا بل گيٹس ان دنوں اپنی اہليہ کے ساتھ ’بل اينڈ ملنڈا گيٹس فاؤنڈيشن‘ چلاتے ہيں، جو دنيا کی سب سے بڑی نجی فلاحی تنظيم ہے۔

مارک زوکربرگ
سماجی رابطوں کی ويب سائٹ فيس بک کے بانی مارک زوکربرگ اس فہرست ميں پانچويں نمبر پر ہيں۔ ان کی دولت چورانوے بلين ڈالر کے آس پاس ہے۔

زونگ شنشان
زونگ شنشان نے ابتداء ہی ميں اسکول چھوڑ ديا تھا۔ ايک وقت انہوں نے مزدور کے طور پر کام کيا، پھر ايک اخبار کے رپورٹر کے طور پر بھی۔ پھر آہستہ آہستہ انہوں نے اپنے کاروبار شروع کيے اور آج شنشان 92.4 بلين ڈالر کے مالک اور دنيا کے چھٹے سب سے امير شخص ہيں۔

وارن بوفے
وارن بوفے کو دنيا کا سب سے کامياب سرمايہ کار کہا جاتا ہے۔ ان کی مجموعی دولت 88.1 بلين ڈالر ہے اور وہ ساتويں سب سے امير آدمی ہيں۔ امريکی شہری بوفے کی اس وقت عمر نوے سال ہے۔

ليری ايليسن
ليری ايليسن کی عمر 76 برس ہے اور وہ اٹھاسی بلين ڈالر کے مالک ہيں۔ وہ اوريکل کمپنی کے چيئرمين ہيں۔ ليری امير ترين افراد کی فہرست ميں آٹھويں نمبر پر ہيں۔ انہوں نے بھی اپنی بيشتر دولت خود ہی اکھٹی کی ہے۔

ليری پيج
دنيا کے نويں امير ترين شخص کا نام ليری پيج ہے۔ پيچ ان گنت ٹيکنالوجی کمپنيوں کے مالک ہیں يا پھر ان ميں سرمايہ کار اور پارٹنر ہيں۔ ان کی دولت 77.6 بلين ڈالر کے لگ بھگ ہے۔ وہ گوگل کی پيرنٹ کمپنی ايلفابٹ کے سی ای او رہ چکے ہيں۔ ليری پيج امريکی شہری ہيں۔

مکيش امبانی
بھارتی شہری مکيش امبانی امرا کی فہرست ميں دسويں نمبر پر ہيں۔ امبانی 75.4 بلين ڈالر کے مالک ہيں اور يہ دولت انہوں نے اپنی ريلائنس انڈسٹريز سے کمائی ہے۔ کورونا کی عالمی وبا کے دوران امبانی کی مجموعی دولت ميں بيس بلين ڈالر کا اضافہ ہوا۔

FOLLOW US