Tuesday January 21, 2025

شوہر نے شادی کی سالگرہ پر بیوی کو چاند کا ٹکڑاتحفے میں دے دیا

اجمیر شریف (ویب ڈیسک) شادی کی سالگرہ کسی بھی شادی شدہ جوڑے کے لیے خوشی کا باعث ہوتا ہے اور شادی کی طرح ہی ہر شادی شدہ جوڑے کی کوشش ہوتی ہے کہ اُن کی شادی کی ہر سالگرہ شادی کے دن ہی کی طرح یادگار ہو اور اس کے لیے میاں بیوی ایک دوسرے کے ساتھ کیک کاٹتے، سیر و تفریح کے لیے جاتے ہیں اور ایک دوسرے کو قیمتی تحائف بھی دیتے ہیں جس سے دونوں کے مابین محبت مزید پروان چڑھتی ہے۔ لیکن حال ہی میں بھارت کے ایک شخص نے اپنی بیوی کو شادی کی سالگرہ پر ایسا قیمتی تحفہ دیا جس کی کہیں نظیر نہیں ملتی۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے شہر اجمیر شریف سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے شادی کی سالگرہ پر اپنی بیوی کو ”چاند پر زمین” پر تحفہ دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اجمیر شریف کے رہائشی دھرمیندرا انیجا نے شادی کی سالگرہ پر اپنی بیوی کو چاند پر تین ایکڑ زمین کا تحفہ دیا۔ غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے دھرمیندرا نے بتایا کہ 24 دسمبر کو ہماری شادی کی سالگرہ تھی۔ میں اپنی بیوی کے لیے کچھ خاص کرنا چاہتا تھا۔ ہر کوئی شادی کی سالگرہ پر گاڑی یا زیورات کا تحفہ دیتا ہے لیکن میں اپنی بیوی کو کچھ الگ تحفہ دینا چاہتا تھا۔ یہی وجہ تھی کہ میں نے اپنی بیوی کے لیے چاند پر زمین خریدنے کا فیصلہ کیا۔ دھرمیندرا نے کہا کہ میرے لیے باعث مسرت ہے کہ میں راجھستان میں چاند پر زمین خریدنے والا پہلا شخص ہوں۔ دھرمیندرا نے کہا کہ میں نے چاند پر زمین لیونا سوسائٹی انٹرنیشنل سے خریدی اور چاند پر زمین کی خریداری کے عمل میں ایک سال کا عرصہ لگا۔ دھرمیندرا کی اہلیہ سپنا نے شوہر کی جانب سے اس تحفے پر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ سپنا کا کہنا تھا کہ میں بے حد خوش ہوں، مجھے اُمید نہیں تھی کہ میرے شوہر مجھے شادی کی سالگرہ پر اتنا خاص تحفہ دیں گے۔ مجھے ایسا لگ رہا تھا کہ ہم واقعی چاند پر ہیں۔ شادی کی سالگری کی تقریب ایک پروفیشنل ایونٹ آرگنائزرز نے منعقد کی۔ دھرمیندرا نے تقریب کے دوران چاند پر خریدی گئی زمین کا فریم شدہ سرٹیفیکیٹ اپنی بیوی سپنا کو پیش کیا۔

FOLLOW US