کراچی (ویب ڈیسک) تنخواہ روکنے پر کورونا کے سیریس مریض نے انوکھا انتقام لے لیا،افسر کو گلے لگانے کے بعد کئی بوسے بھی دے دئیے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق کے ایم سی ہیڈ آفس میں گزشتہ روز ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے، بتایا گیا کہ کے ایم سی افسر شہزاد انور نے تنخواہ روکنے پر ڈائریکٹر ایچ آر کو گلے لگا لیا اور گال پر بوسہ بھی دیا۔پہلے انہوں نے افسر سے ہاتھ ملانے کی کوشش کی تاہم کورونا ایس او پیز کی وجہ سے ہاتھ ملانے میں ناکام رہا جس کے بعد اس نے اپنے افسر کو پیچھے سے گلے لگایا
اور گال پر بوسہ بھی دے دیا،ملازم نے یکے بعد دیگرے کئی بوسے دیے۔شہزاد انور نے جمیل فاروقی سے ملنے کے بعد اپنے کورونا مریض ہونے کا انکشاف کیا اور انتقام لینے کے لئے یہ عمل کیا ہے۔اس نے مزید بتایا کہ میں نے دفتر میں آگاہ کیا کہ میں کورونا کا شکار ہو چکا ہوں لہذا دفتر آکر کام جاری نہیں رکھ سکتا لیکن میرے ساتھ انتقامی کارروائی کی گئی جس کے بعد میں نے یہ بدلہ لینے کا فیصلہ کیا۔افسر کے انکشافات پر ہیڈ آفس میں کھلبلی مچ گئی اور افسران سیٹیں چھوڑ کر بھاگ گئے۔آفس میں کورونا مریض کی موجودگی کے انکشاف پر تمام لوگ کام چھوڑ کر دفتر سے باہر نکل گئے۔ دوسری جانب ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مہلک وائرس سے متاثر55مریض چل بسے،3262نئے کیسز سامنے آگے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 44 ہزار 627 کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جس کے بعد مجموعی کووڈ 19 ٹیسٹس کی تعداد 56 لاکھ 72 ہزار 166 ہوگئی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 262 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 072 ہوگئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار 240، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 753، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 264، اسلام آباد میں 31 ہزار 639، بلوچستان میں 17 ہزار 333، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 151 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 51 ہزار 507 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 395 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 55 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 354 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 305 ہوگئی ہے۔