اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ پرفیوم اور دھوپ کا ملاپ بہت خطرناک ثابت ہو سکتا ہے اور اس کا نتیجہ جلد کی ایک انتہائی تکلیف دہ بیماری کی صورت میں بھی سامنے آسکتا ہے۔ دی مرر کی رپورٹ کے مطابق ماہر جلد شانیل روزا کہتی ہیں کہ اگر آپ گردن پر پرفیوم چھڑک کر دھوپ میں نکل جاتے ہیں تو اس پر براہ راست دھوپ پڑنے کی صورت میں ’پوئیکیلو ڈرما آف سیواٹ‘ نامی جلدی بیماری پیدا ہو سکتی ہے۔ یہ بیماری جلد پر
دھبوں کی صورت میں نمودار ہوتی ہے، جن میں کھجلی، درد اور شدید جلن ہوتی ہے۔ یہ دھبے دراصل جلد میں خون کی شریانوں کے پھٹنے کی وجہ سے پیدا ہوتے ہیں اور ان کے نشان ایک مدت تک باقی رہتے ہیں۔ اب آپ خود ہی سوچئے کہ اگر گردن پر بدنما دھبے بن جائیں تو کتنے برے لگیں گے۔ شانیل کہتی ہیں کہ اس تکلیف دہ صورتحال سے بچنے کے لئے جسم کے کسی بھی ایسے حصے پر پرفیوم نہ لگائیں جس پر براہ راست دھوپ پڑنے کا امکان ہو۔