Sunday January 19, 2025

رمضان المبارک میں ورزش کا بہترین وقت ماہرین نے بتادیا

لاہور (ویب ڈیسک) رمضان کریم کا مہینہ جہاں انسانی صحت کا پیغام لاتا ہے وہیں اگر رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر وزش بھی کر لی جائے تو اس مہینے کے مزید فوائد حاصل کیے جا سکتے ہیں، مگر یہ جاننا نہایت ضروری ہے کہ رمضان کے دوران ورزش کے لیے بہتر وقت کونسا ہے؟ طبی ماہرین کی جانب سے رائے دی جاتی ہے کہ رمضان میں روزہ رکھنے کے بعد یا پھر دن کے اوقات میں ورزش کرنے سے گریز کرنا چاہیے، روزہ رکھ کر ہمیں سارا دن توانائی کی ضرورت ہوتی ہے تا کہ ہم روزے کے دوران معمولات زندگی کو بھی چلا سکیں، عام روٹین کی طرح اگر رمضان میں بھی ورزش صبح کے اوقات میں کر لی گئی تو یہ فوائد حاصل کرنے کے بجائے نقصان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق طبی ماہرین کے مطابق رمضان کے مہینے میں بھی ورزش کرنا نہیں چھوڑنا چاہیے بلکہ اس مہینے میں ورزش کے فوائد دگنے سامنے آ تے ہیں، رمضان کے دوران ورزش کرنے کے صحت پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں جن میں وزن میں واضح کمی سمیت بہتر خوشگوار موڈ اور بوجھل طبیعت سے چھٹکارہ شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق متعدد تحقیق سے ثابت ہے کہ رمضان کے مہینے میں ورزش کرنے کے لیے سب سے بہترین اور سود مند وقت افطار سے قبل ہے، ماہرین کے مطابق افطار سے 30 سے 45 منٹ قبل پیٹ خالی ہوتا ہے اور خالی پیٹ ورزش کرنا انسانی صحت کےلیے نہایت مفید عمل ہے، اس دوران عام روٹین کی طرح ورزش کرنے کے نتیجے میں بغیر کسی اضافی محنت کے 400 سے 500 تک اضافی کیلوریز جلائی جا سکتی ہیں۔طبی و فٹنس ماہرین کے مطابق افطار سے قبل اگر وقت نہ ملے اور ورزش نہیں کر سکے تو دوسرا بہترین وقت افطار کرنے کے 2 گھنٹے بعد کا ہوتا ہے جب افطار میں کھایا گیا ہضم ہو چکا ہوتا ہے اور انسان خود کو ہلکا محسوس کر رہا ہوتا ہے، اس دوران بھی معدہ قدرے خالی ہوتا ہے۔

رمضان کے دوران ورزش کرنے کے لیے تیسرا بہترین وقت سحری سے ایک سے آدھا گھنٹہ قبل ہے، اگر آپ میں اتنی توانائی اور مستقل مزاجی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر سحری سے قبل جاگ کر ورزش کر سکتے ہیں تو اس وقت کو بخوبی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ماہرین کی جانب سے تجویز کیا جاتا ہے کہ رمضان کے دوران 30 سے 35 منٹ سے زیادہ ورزش نہ کریں۔رمضان کے دوران روزانہ کی بنیاد پر ہلکی پھلکی جاگنگ، رسی کودنا، جمپنگ جیکس اور سکواٹس وغیرہ کیے جا سکتے ہیں۔

FOLLOW US