Sunday January 19, 2025

ملک کے کئی شہروں کے لوگوں میں گلے کی سوزش، ناک سے خون، خشک جلد اور تیز بخار کی علامات ظاہر ہونے لگیں، لوگ تشویش کا شکار

لاہور : ملک کے کئی شہروں کے لوگوں میں گلے کی سوزش، ناک سے خون، خشک جلد اور تیز بخار کی علامات ظاہر ہونے لگیں۔ تفصیلات کے مطابق تیز طوفانی ہواؤں کی وجہ سے جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد کے علاوہ ملک کے دیگر کئی شہروں کے شہریوں کی صحت پر منفی اثرات نمودار ہونے لگے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ کچھ دن قبل ملک کے کئی شہروں کو تیز خشک طوفانی ہواؤں نے لپیٹ میں لیا تھا، جبکہ اب بھی کئی شہر ان خشک ہواوں کی لپیٹ میں ہیں۔ ان ہواؤں کے باعث لوگوں میں گلے کی سوزش، ناک سے خون، خشک جلد اور تیز بخار کی علامات ظاہر ہونے لگی ہیں۔

ان علامات میں مبتلا متاثرہ شہری بڑی تعداد میں ہسپتالوں اور نجی کلینکس کا رخ کرنے لگے ۔ جبکہ ملک میں جاری کرونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے بھی اس تمام صورتحال نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا۔ خاص کر لوگ سوشل میڈیا کے ذریعے اس حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کرنے لگے جس کے بعد لوگوں کی اکثریت اس صورتحال کی وجہ سے خوف کا شکار ہوگئی۔ اس حوالے سے کچھ ماہرین کی رائے میں خشک ہواؤں میں نمی نہ ہونے سے شہری بیمار ہو رہے ہیں اس لیے زیادہ سے زیادہ پانی پیا جائے۔ جبکہ کچھ ماہرین کی رائے میں حال ہی میں موسم کی اچانک دہری تبدیلی کی وجہ سے یہ خون بہنے کاسلسلہ شروع ہوا ہے اور عموماً الرجی والے افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ سردی کی اچانک خاتمے اور پھر بارشوں سے دوبارہ اور گرمی کی ملن سے زیادہ تر الرجی کے شکار لوگوں کے ناک سے خون بہہ رہا ہے۔

لوگوں کو تلقین کی گئی ہے کہ ویزلین ،گھریلو تیل اور فیس ماسک کا استعمال لازمی کریں تاکہ موسم کی خشکی جسم پر اثر انداز نہ ہوں ۔ یہاں یہ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام پر ملک میں مغربی ہواوں کے داخل ہونے کے بعد بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوا تھا، ہواوں کے اس سلسلے کی وجہ سے کئی علاقوں میں موسم سرد ہوگیا۔ جبکہ بارشوں اور برفباری کا سلسلہ رک جانے کے بعد بھی کئی شہروں میں خشک اور سرد ہوائیں چلنے کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

FOLLOW US