Tuesday January 21, 2025

قومی ہیروراشد منہاس کا 48واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے

کراچی (نیوز ڈیسک )دشمن کی سازش کو ناکام بنانے والے پاکستان کے جانباز سپاہی اور قومی ہیرو راشد منہاس کا 48واں یوم شہادت آج منایا جارہا ہے، عظیم کارنامے پر انہیں نشان حیدر سے نوازا گیا۔نشانے حیدرکا اعزاز پانے والے پاک فضائیہ کے بہادر سپوت پائلٹ آفیسر راشد منہاس کا آج 48واں یوم شہادت ہے،قوم اس سپوت کو سلام پیش کررہی ہے۔سترہ فروری سن 1951ء کو کراچی میں پید ا ہونے والے راشد منہاس نے اپنا بچپن شہر قائد میں گزارا بعد ازاں اہل خانہ کے ہمراہ راولپنڈی منتقل ہوگئے اور کچھ عرصے بعد دوبارہ کراچی میں سکونت اختیار کی،

راشد منہاس نے بی ایس سی، پی اے ایف رسال پور سے کیا بعد ازاں پاک فضائیہ میں شامل ہوگئے۔بیس اگست 1971کاوہ دن جب چشم فلک نےحق وباطل کی کشمکش دیکھی،زیرتربیت پائلٹ کی حیثیت سےراشد منہاس ٹی33 جیٹ کواڑانے والے تھے کہ پائلٹ انسٹرکٹر فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمان بھی سوارہوگیا۔راشد منہاس کو ضرب لگا کربیہوش کیا اورطیارے کا رخ بھارت کی جانب موڑدیا، وطن کے بہادربیٹے کو ہوش آیا تو طیارہ بھارت سے صرف 40 میل دور تھا۔ ایک لمحے میں فیصلہ کیا اور طیارہ بھارت کی حدود سے محض32میل پہلے ہی زمین پرگرا کر تباہ کردیا۔ دشمن کا منصوبہ خاک میں ملایا اورجام شہادت نوش کیا، اس ایک لمحے نےراشد منہاس کوامر کردیا جرات اور بہادری سے وطن پر قربان ہونے پر شہید کو نشان حیدر سے نوازا گیا ۔اٹک میں قائم کامرہ ایئر بیس کو راشد منہاس شہید کے نام سے منسوب کیا گیا، قوم کوعظیم سپوت کی قربانی اور کارنامے پر ہمیشہ فخر رہے گا۔پاکستان میں نشانِ حیدر پانے والے سب سے کم عمر شہید راشد منہاس کراچی کے فوجی قبرستان میں آسودہٗ خاک ہیں۔

FOLLOW US