Wednesday January 22, 2025

ترکی میں حضور نبی کریم ﷺ کے جُبہ مبارک کی زیارت جا ری ، زیارت کیلئے تصاویر لنک میں دیکھیں

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )رمضان المبارک کے موقع پر ترکی میں حضورﷺ کا جبہ مبارک لوگوں کی زیارت کے لیے رکھ دیا گیا ہے، یہ جبہ حضرت اویس قرنی ؓ کے خاندان کے پاس رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاٹن ، ریشم اور لیلن سے تیار کیے گئے جبہ مبارک سے متعلق روایت ہے کہ اسے حضورﷺ نے زیب تن کیا تھا اور خلافت عثمانیہ کے دور میں 17 ویں صدی میں اسے استنبول لایا گیا تھا۔ ہرسال ماہ رمضان میں مقامی افراد اورسیاحوں کی بڑی تعداد جبہ مبارک کی زیارت کے

لیے آتی ہے۔ رمضان کے پہلے جمعے سے لے کر پورا ماہ جبہ مبارک کو عام نمائش کیلئے رکھا جاتا ہے۔اس سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں حضرت اویس قرنی کے خاندان کے ایک فرد اور سرکاری اہلکاروں نے شرکت کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد جبہ مبارک کی زیارت کیلئے پہنچی تھی۔ مذکورہ جبہ مبارک حضرت اویس قرنی کو اس وقت دیا گیا تھا جب وہ حضرت محمدﷺ سے ملنے مدینہ تشریف لے گئے لیکن ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔ حضورﷺ کو جب علم ہوا تو انہوں نے اپنے ساتھوں کے ہاتھ مذکورہ جبہ حضرت اویس قرنی کے لیے یمن بھجوایا تھا۔ حضرت اویس قرنی کی کوئی اولاد نہیں تھی لہذا وفات کے بعد جبہ مبارک ان کے بھائی کے پاس چلا گیا اور اب تک ان کے خاندان کے پاس ہے۔17 ویں صدی میں سلطنت عثمانیہ کے خلیفہ سلطان احمد اول نے اویس قرنی کے خاندان سے جبہ مبارک استنبول لانے کی درخواست کی اور اس وقت سے ترکی میں ہی محفوظ ہے۔ استنبول میں منتقل کرنے کے بعد اسے ایک شیشے کے باکس میں رکھا گیا جس کی ایک چابی سلطان احمد اول اوردوسری حضرت اویس قرنی کے خاندان کو دی گئی۔16 ویں صدی میں جب سلطان سلیم نے مصر پر حملہ کیا تو اس وقت بھی حضورﷺ سے نسبت رکھنے والی بہت ساری اشیا کو ترکی منتقل کیا گیا تھا جس میں حضورﷺ کا دانت، نعلین مبارک، مے مبارک اور پانی پینے والا پیالہ بھی شامل ہیں۔

FOLLOW US