Friday May 17, 2024

تاجران کے بھرپور احتجاج پر حکومت پاکستان نے 30ستمبر تک تاجران سے ٹیکس وصولی موخر کردی، کاشف چوہدری

راولاکوٹ( آن لائن ) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ تاجران کے بھرپور احتجاج پر حکومت پاکستان نے 30ستمبر تک تاجران سے ٹیکس وصولی موخر کردی ہے اور ہم نے ایک ایسا فارمولہ حکومت کو دیا ہے جس پر عمل درآمد سے تاجران کے مسائل میں کمی واقع ہو گی ، تاجر ان پاکستان کی سب سے بڑی غیر سیاسی قوت ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کو معاشی طور

پر مضبوط و مستحکم کیا ، تاجران اور صنعت کار اپنی خدمات ترک کردیں تو ملک کا تمام تر نظام درہم برہم ہو کر رہ جائے ،ٹیکس کے نظام میں خرابیوں اور بد عنوانیوں کی وجہ سے اداروں سے لوگوں کا اعتماد اٹھ چکا ہے ، تاجران ٹیکس ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے موثر نظام وضع ہونا چاہیے تاکہ ہر تاجر اور ہر شہری ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکے ،عالمی سروے کے مطابق پاکستان کے شہر ی دنیا بھر میں سب سے زیادہ زکواۃ اور خیرات دیتے ہیں لیکن سسٹم کی خرابی کے باعث وہ ٹیکس دینے سے کتراتے ہیں ، تاجران نے ملکی سلامتی ، دفاع اور تعمیر و ترقی کیلئے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ، ہم نے ملک بھر کے تاجران کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا ،آزادکشمیر و گلگت بلتستان کے تاجران ہمارے بھائی ہیں او ر ہم انہیں ساتھ لیکر چلیں گے ، تاجران کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولاکوٹ انجمن تاجران کے زیر اہتمام ’’ ظالمانہ ٹیکسز نامنظور کانفرنس ‘‘ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی ، اس تقریب کی صدارت آل آزادکشمیر انجمن تاجران کے سپریم ہیڈ سردار محمد نعیم خان نے کی جبکہ کانفرنس سے مہمان خصوصی ، صدر

تقریب کے علاوہ سردار عبدالرزاق صدر آل آزادکشمیر انجمن تاجران ، حافظ طارق صدر انجمن تاجران باغ، سردار ارشاد طاہر صدر انجمن تاجران پلندری ،سردار وسیم خورشید نائب صدر مرکزی تنظیم انجمن تاجران پاکستان ، رفاقت عباسی صدر انجمن تاجران دھیرکوٹ، جاوید اقبال صدر انجمن تاجران تھوراڑ ، راجہ خضر صدر ارجہ ، عمر نذیر کشمیر ی سنیئر نائب صدر راولاکوٹ انجمن تاجران ، سردار شاہد خورشید ڈپٹی جنرل سیکرٹری راولاکوٹ انجمن تاجران، خواجہ عمران اشرف نائب صدر راولاکوٹ انجمن تاجران، قاری صلاح الدین صدر تاجران منگ ، فیاض صابر صدر انجمن تاجران سٹی مجاہد آباد، حافظ عدنان نذیر اور دیگر نے خطاب کیا ۔ اس کانفرنس میں آزادکشمیر کے تمام اضلاع ،تحصیلوں، سب ڈویژنز کے علاوہ پاکستان سے تاجران کے عہدیداران نے شرکت کی، قبل ازیں راولاکوٹ انجمن تاجران کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور ٹیکسز کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑوں تاجران نے شرکت کی ، ریلی شہر کی مختلف شاہرات کا چکر لگانے کے بعد مقامی ہوٹل کے ہال پہنچی جہاں پر کانفرنس کا انعقاد کیاگیا تھا ، اس کانفرنس کی کامیابی کیلئے گزشتہ کئی دنوں سے بھرپور رابطہ مہم چلائی گئی جس کے باعث کانفرنس میں تاجران کی ریکارڈ تعداد نے شرکت کی ۔ مرکزی صدر تنظیم تاجران پاکستان کاشف چوہدری نے کہا کہ اس ملک میں پیدا ہونیوالا ہر بچہ ٹیکس ادا کرتا ہے ، تمام اشیاء پر ٹیکس عائد کیا گیا ہے ، ارب پتی لوگوں کی طرح غریب افراد بھی ٹیکس ادا کرتے ہیں لیکن غلط پالیسیوں کے باعث ٹیکس نیٹ کو بہتر نہیں بنایا جاسکا ، ملک میں قائم ادارے ٹیکس اداکریں وہ غریبوں کا خون نچوڑنے سے گریز کریں ، حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث صنعتیں بند ہور ہی ہیں ، کاروبار تباہ ہو کر رہ گئے ، انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی پشت پر کھڑی ہے ، کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آزادکشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اس لئے اس خطہ کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے ، آزادکشمیر کے لوگ پہلے ہی مسائل کا شکار ہیں او ر پھر مال برداری پر ان کے بھاری اخراجات آتے ہیں ، ان سے ٹیکس وصول کرنا زیادتی کے مترادف ہے ، تاجران نے آزادکشمیر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، منگلا ڈیم ، نیلم جہلم پراجیکٹ سمیت دیگر پن بجلی منصوبوں کی رائیلٹی دینے کا مطالبہ کیا اور کہا اہلیان آزادکشمیر کو مفت بجلی فراہم کی جائے اور جس طرح کے پی کے ، بلوچستان کو حقوق دئے گئے ہیں اسی طرح آزادکشمیر میں بسنے والے لوگوں کو بھی دئے جائیں ۔

FOLLOW US