اسلام آباد (نیوزڈیسک) : معروف کار ساز کمپنی ہونڈا نے پاکستان میں اپنی گاڑیوں کی پیداوار روک دی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں حالیہ ہفتوں میں روپے کی قدر میں کمی، بجٹ میں نئے اور زائد ٹیکسز کے نفاذ کے باعث قیمتیں بڑھنے سے گاڑیوں کی فروخت میں کمی ہوئی، جس کے باعث ہونڈا اٹلس کار پاکستان (ایچ اے سی پی) نے 10 روز کے لیے اپنا پلانٹ شٹ
ڈاؤن کردیا کیونکہ کمپنی کے مطابق اس کے پاس 2 ہزار یونٹس پہلے ہی اسٹاک میں موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسی طرح پاکستان میں ٹویوٹا ماڈلز بنانے والی انڈس موٹر کمپنی (آئی ایم سی) میں موجود ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ کمپنی نے بھی رواں ماہ ہر ہفتے میں 2 روز یعنی کُل 8 روز کے لیے کار کی پیداوار روکنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ ہونڈا کی جانب سے گزشتہ ہفتے 2 روز کے لیے اپنا پلانٹ بند کیا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی کے ترجمان کے مطابق کمپنی رواں ماہ سیلز کے رجحان اور بکنگ آرڈر کو دیکھنے کے بعد کچھ روز میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پیداوار بند کریں یا نہیں۔ ایچ اے سی پی اور آئی ایم سی ایگزیکٹو نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں ماہ کے پہلے 10 روز میں انتہائی مایوس کس سیلز کو دیکھتے ہوئے پیداوار کو کم کرنے کا فیصلہ کیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز کار ساز کمپنی سوزوکی کے بارے میں بھی خبر موصول ہوئی تھی جس کے مطابق سوزوکی پاکستان نے گاڑیوں کی قیمتوں میں 65 ہزار روپے تک کی کمی کر دی تھی۔ سوزوکی راوی، سوزوکی بولان کارگو اور سوزوکی میگا کیری کی قیمتوں میں 25 ہزار
روپے سے 65 ہزار روپے تک کی کمی کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا گیا تھا۔ لیکن ہونڈا نے پاکستان میں اپنی گاڑیوں کی پیداوار روک دی ہے۔