Monday February 24, 2025

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں آج کا تیسرا اضافہ، ڈالر 151 کا ہو گیا

کراچی (نیوزڈیسک) : ڈالر کی قیمت میں آج تیسری مرتبہ اضافہ وہ گیا جس کے تحت ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ روپے کی بے قدری جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تیسری مرتبہ اضافہ ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 151 روپے ہو گئی۔

جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں ایک روپیہ 35 پیسے کا اضافہ ہوا۔ خیال رہے کہ اوپن مارکیٹ میں آج کے دن ڈالر کی قیمت میں چار روپے جبکہ دو روز کے دوران 7 روپے کا اضافہ ہوا۔ کچھ دیر قبل اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں تین روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر 147 سے 150 روپے پر آ گیا تھا۔ شئیر بازار میں بھی شدید مندی دیکھنے میں آئی،سرمایہ کاروں کے 150 ارب روپے ڈوب گئے۔ کاروبار کے دوران 100 انڈیکس میں 965 پوائنٹس کی کمی بھی ہوئی۔ جس کے تحت انڈیکس تین سال چار ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔ڈالر کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمت اور روپے کی بے قدری پر معاشی ماہرین نے بھی تشویش کا اظہار کیا۔ خیال رہے کہ آج صبح انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 48 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی نئی قیمت 148 روپے ہو گئی۔ کاروباری دن کے آغاز پر ڈالر 148 روپے فروخت ہوتا رہا۔ تاہم اب اوپن مارکیٹ میں ڈالر150 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 149 روپے ہو گئی ۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے پٹرول کی قیمت میں بھی اضافہ ہونے کا قوی امکان ہے اور اگر پٹرول کی قیمت بڑھی تو ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا جس میں ملک کی غریب عوام مزید پس جائے گی۔