Wednesday November 27, 2024

فیصل آباد: منافع خوروں نے پھلوں، سبزیوں کی قیمتیں پچاس فیصد تک بڑھا دیں

فیصل آباد: (نیوزڈیسک) فیصل آباد میں منافع خوروں نے پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک بڑھا دی ہیں، رمضان المبارک میں ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹیاں قیمتیں کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کے نام پر، منافع خوروں نے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کے لئے کمر کس لی۔

پھلوں، سبزیوں سمیت اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ کر دیا۔ فیصل آباد میں ایک ہفتے کے اندر، سیب 200 روپے سے بڑھ کر 350 روپے کلو ہو گئے، کیلا ڈیڑھ سو روپے درجن تک جا پہنچا اور فالسہ 320 روپے کلو تک فروخت ہونے لگا۔ کجھور 70 روپے کے اضافے سے 250 روپے کلو تک پہنچ گئی، سبزیوں میں گرمی کی سوغات کریلے 70 روپے فی کلو سے بڑھ کر 150 روپے ہو گئے۔ کھانوں کا لازمی جز لہسن اور ادرک کی قیمت میں 50 سے 60 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ لہسن 100 روپے اضافے کے ساتھ 225 روپے کلو جبکہ ادرک 60 روپے اضافے کے ساتھ 190 روپے کلو ہو گیا۔ گرمی کا توڑ لیموں 320 روپے کلو تک جا پہنچے، گاہک کہتے ہیں دکاندار مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے جاری کردہ نرخ نامے آویزاں کرنے کی بجائے خود ساختہ قیمتیں مقرر کر کے پھل اور سبزیاں بیچتے ہیں۔ دوسری جانب دکاندار حضرات کہتے ہیں اگر پھلوں سبزیوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا ہے تو انتظامیہ آڑھتیوں کو قابو میں کریں۔ رمضان المبارک میں مہنگائی کے جن نے بے قابو ہو کر جہاں غریب عوام کے لیے مشکلات پیدا کر دی ہیں وہیں انتظامیہ کے سب اچھا کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔

FOLLOW US