Thursday January 23, 2025

سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ

کراچی (نیوزڈیسک) : ڈالر اور سونے کی قیمت میں اچانک اضافہ ہو گیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس کے بعد سونے کی نئی قیمت 72ہزار 200روپے فی تولہ ہو گئی ہے۔جب کہ ڈالر کی قیمت میں بھی بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 30 پیسے مہنگا ہو کر تاریخ کی

بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جس کے بعد مارکیٹ میں ڈالر 141 روپے 40 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 143 روپے ہو گئی جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز پرڈالر کی پھر اونچی اڑان بھری اور 30 پیسے مزید مہنگا ہو گیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ چھ روزکے دوران ڈالرایک روپے 16 پیسے تک مہنگا ہوچکا ہے جس کے بعد بیرونی قرضوں میں 110 ارب روپےکا اضافہ ہو گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط ماننے کے بعد ڈالر کے ریٹ میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جب تک حکومت جامع معاشی پالیسی نہیں اپناتی روپیہ بے یقینی کا شکار رہے گا۔ واضح رہے کہ 29 مارچ کو بھی ڈالر کی قیمت میں 70 پیسے کا اضافہ ہوا تھا۔ جس کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 142 روپے ہو گئی۔ جبکہ کاروبار کے دوران انٹربینک میں ڈالرکی قدر140 روپے 79 پیسے ہوگئی۔ گذشتہ کئی ہفتوں سے رواں ہفتے ڈالر کی قیمت 200 روپے تک ہو جانے کی خبریں بھی گردش کر رہی تھیں جس پر 26 مارچ کو وزارت خزانہ نے وضاحت جاری کی اور بتایا

کہ آئی ایم ایف کے ساتھ قرضے کے حصول کے لیے ڈالر کے ریٹ سے متعلق کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔ ڈالر سے متعلق کئی خبریں زیر گردش تھیں کہ ملک میں ڈالر کا ریٹ 180 روپے سے 200 روپے تک جانے کا خدشہ ہے۔ کہا جا رہا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف سے قرضے کے حصول کے لیے ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ کر سکتی ہے۔ ڈالر کی قدر میں 30 فیصد تک مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے، جس سے ملک میںمہنگائی کا ایک اور نیا اور خوفناک طوفان آئے گا۔ تاہم ان خبروں کے بعد وزارت خزانہ کی جانب سے باقاعدہ وضاحت جاری کی گئی ۔

FOLLOW US