Saturday April 27, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت مزید سستا ہو گیا

نیویارک : عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید سستا ہو گیا، برطانوی خام تیل کی قیمت مزید کمی سے 85 ڈالرز جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت 83 ڈالرز کی سطح تک گر گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 5 فیصد سے زائد کمی سے تیل کی قیمتیں 2 ماہ کی کم ترین سطح پر آ چکیں۔ برطانوی خام تیل برینٹ آئل کی قیمت کم ہوکر 85 ڈالر فی بیرل پر آگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت کم ہوکر 83 ڈالرز فی بیرل ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے

کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی عالمی معیشت کی سست روی اور کم طلب کے خدشات کی وجہ سے ہے۔ دوسری جانب اوپیک کی جانب سے بھی تیل کی پیداوار میں مزید کمی نہ کیے جانے کا امکان ہے۔ اسی باعث گزشتہ کئی روز سے عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا رجحان غالب ہے۔ جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں گراوٹ کے رجحان کو دیکھتے ہوئے ماہرین نے خیال ظاہر کیا کہ عالمی منڈی میں یہ رحجان جاری رہا تو پاکستان میں فی لیٹرقیمت میں واضح کمی ہو سکتی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی موجودہ قیمتوں دیکھتے ہوئے پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 22روپے کمی بنتی ہے۔اس طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 20 روپے سے زائد کمی کا امکان ہے۔ تاہم پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حتمی فیصلہ 14 یا 15 اکتوبر کے درمیان کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔ بتایا گیا تھا کہ ڈالر سستا ہونے کی وجہ سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہو گی، تاہم 30 ستمبر کو نگران حکومت نے پٹرول کی قیمت میں محض 8 روپے کمی کا اعلان کیا۔

FOLLOW US