Sunday November 24, 2024

ڈالر کی طرح سونے کی قیمت بھی کریش کر گئی قیمت 2 لاکھ روپے کی سطح سے جلد نیچے آ جانے کا امکان

لاہور : ڈالر کی طرح سونے کی قیمت بھی کریش کر گئی، بدھ کے روز سونا ہزاروں روپے سستا ہو گیا، فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ روپے کی سطح سے جلد نیچے آ جانے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت مزید گراوٹ کا شکار ہو گئی ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت 3100 روپے گھٹ گئے اور فی تولہ قیمت 2 لاکھ 5 ہزار 600روپے کی سطح سے کم ہوکر2لاکھ2ہزار500 روپے رہ گئی ۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جلد ہی سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ روپے کی سطح سے نیچے آ جائے گی۔ واضح رہے کہ چند روز قبل تک ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت سوا 2 لاکھ روپے کی سطح سے بھی اوپر چلی گئی تھی۔ کچھ روز قبل فی تولہ سونا 2 لاکھ 30 ہزار روپے سے بھی زائد قیمت پر ٹریڈ ہوتا رہا، تاہم اب سونے کی قیمت میں تقریباً 30 ہزار روپے تک کی کمی آ چکی۔ دوسری جانب پاکستانی روپے کا تگڑا کم بیک ہوا ہے، ڈالر کی قیمت کئی ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 1 روپے 5 پیسے کی کمی سے 288 روپے 75 پیسے کی سطح پر آ گئی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر ایک روپے کی کمی سے 290 روپے پر بند ہوئی، انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر کے درمیان فرق صفر اعشاریہ 43 فیصد یا 1 روپے 25 پیسے کا رہ گیا ہے۔

FOLLOW US