کراچی : انٹر بینک مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز کے کچھ ہی دیر کے بعد ڈالر کی قیمت میں بھاری کمی ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 1.66 روپے سستا ہونے کے بعد 299.50 روپے پر ٹریڈ کر رہاہے ۔ دوسری جانب سٹاک مارکیٹ میں آج مندی کا رجحان دیکھنے میں آ رہاہے ، 100 انڈیکس میں 68 پوائنٹس کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد انڈیکس 45 ہزار 796 پوائنٹس پر آ گیاہے ۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جہاں گزشتہ روز ڈالر 4 روپے کی کمی کے بعد 300 روپے کا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں برطانوی پاؤنڈ 370 روپے جب کہ یورو 316 روپے کا ہے، سعودی ریال 79 روپے اور اماراتی درہم 82 روپے کا ہے۔
خیال رہے حوالہ ہنڈی اورغیرقانونی فارن ایکسچینجز کےخلاف کارروائیوں پر ایف آئی اے کی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کردی گئی ہے ، جس میں بتایا گیا کہ 48 چھاپے مارے گئے ، 48 مقدمات درج کرکے انسٹھ گرفتاریاں کی گئیں اور پندرہ کروڑ روپے کی ریکوری کرلی گئی ہے۔