Saturday January 18, 2025

سونے کے نرخوں میں مسلسل گراوٹ، ایک ہفتے میں30 ہزار روپے سے زائد سستا ہوگیا

کراچی : ملک میں ڈالر کی اسمگلنگ کی روک تھام کے باعث سونے کے نرخوں میں گزشتہ ایک ہفتے سے 30 ہزار روپے سے زائد کی گراوٹ ہوچکی ہے، اس سے قبل پاکستان میں سونے کی قیمت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا تھا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کچھ بہتری آئی ، لیکن بعد ازاں ڈالر کی قدر بڑھنے سمیت پیٹرولیم مصنوعات گیس بجلی کی قیمتیں بڑھنے کا بھی سلسلہ جاری ہے۔

صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق آج فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار 600 روپے اور دس گرام کی قیمت 2 ہزار 229 روپے کم ہوگئی، سونا سستا ہونے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 9 ہزار400 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت کمی کے بعد ایک لاکھ 79 ہزار527 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے سونے کی قیمت میں تقریباً 30 ہزار روپے کی بڑی کمی دیکھنے کو ملی۔ پرسوں 9 ستمبر کو بھی فی تولہ سونے کی قیمت 500 روپے اور دس گرام کی قیمت 428 روپے کم ہوئی تھی۔ دوسری جانب جنگ اخبار کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ ہفتے ہونے والے ایس آئی ایف سی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق عسکری قیادت نے کہا کہ ڈالر کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق لانے تک ہنگامی بنیادوں پر کام کریں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت اس وقت 250 روپے کے لگ بھگ ہے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ روپے کی قیمت مارکیٹ کے مطابق لانے کے لیے ایف آئی اے، حساس ادارے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک مل کر کارروائیاں کریں۔ ایس آئی ایف سی اجلاس میں طے کیا گیا کہ بجلی چوری کا خاتمہ بھی ترجیح رہے گا، انٹیلی جنس بیورو بجلی چوری میں مدد کرنے والے سرکاری اہلکاروں کی فہرستیں بنائے گی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کی تبدیلی اور تعیناتی کے بجائے فوجداری قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ زخیال رہے کہ آج اوپن مارکیٹ میں ڈالر انٹربینک میں سے بھی سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 3.50 روپے سستا ہو گیا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 300.50 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خریداری 298 روپے تک ہونے لگی۔ گزشتہ ہفتہ کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر 304 روپے پر بند ہوا تھا۔ جب کہ انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 1.55 روپے کی کمی ہوئی ہے۔ انٹربینک میں ڈالر 301.40 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ گزشتہ ہفتہ کاروبار کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر 302.95 روپے پر بند ہوا تھا۔ علاوہ ازیں ڈالر سمگلنگ کے خلاف کارروائیاں بھی جاری ہیں۔ ایف آئی اے نے کوئٹہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ڈالر سمگلنگ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔

FOLLOW US