Sunday January 19, 2025

مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر،آٹے کی قیمت میں 15 سے 20 روپے کلو کمی کا امکان

کراچی : مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے اچھی خبر،آٹے کی قیمت کم ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق رواں ماہ آٹے کی فی کلو قیمت میں 15 سے 20 روپے کمی کا امکان ہے۔ امپورٹرز نے کہا ہے کہ 15 ستمبر کو روس سے پہلا جہاز 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لیکر کراچی پہنچے گا،دوسرا جہاز 23 سے 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گا۔ جہازوں میں 60،60 ہزار میٹرک ٹن گندم ہو گی۔
امپورٹرز کے مطابق روس سے گندم آنے کے بعد ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی آ جائے گی۔ روسی گندم کراچی پہنچ کر 100 روپے فی کلو میں پڑے گی،

روسی گندم آنے سے پورا سال وافر مقدار میں گندم دستیاب ہو گی۔ امپورٹرز نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 125 کلو اور آٹا کی قیمت 160 روپے کلو ہے۔ دوسری جانب لاہور میں فلار ملز ڈیلرز نے آٹا 3 روپے فی کلو مہنگا کر دیا۔ آٹا ڈیلرز کے مطابق 10 کلو آٹے کا تھیلا 30 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 50 روپے مہنگا ہو گیا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور کی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں فی من اضافہ کیا گیا تھا۔ گندم کی قیمت میں مزید 50 روپے فی من اضافہ کیا گیا جس کے بعد مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5050 روپے ہو گئی تھی۔ جبکہ حکومت کی جانب سے سرکاری آٹے کی قیمتوں میں بھی 100 فیصد سے زائد اضافہ کیا گیا تھا۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20 کلو آٹا 1ہزار 5 سو 44 روپے مہنگا کیا گیا،10 کلو کے تھیلے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 8 سو 40 روپے کا ملے گا۔ صارفین کو 10 کلو آٹے کا تھیلا 7 سو 72 روپے مہنگا ملے گا جس کی قیمت 1 ہزار 4 سو 20 روپے تک پہنچ گئی۔ اس سے قبل صارفین کیلئے 20 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 2 سو چھیانوے روپے کا تھا۔

FOLLOW US